ڈیجیٹل ادائیگی میں گڑبڑ کی شکایات یہاں درج کرائیں؟
نئی دہلی۔۔۔ڈیجیٹل ادائیگی ناکام ہونے کے باوجود بھی اکاؤنٹ سے رقم نکل جانے یا دیگر مسائل کاصارفین کو سامنا کرنا پڑتاہے۔ ریزرو بینک نے کھاتیداروںکی شکایات کے ازالے کیلئے ’’ای والسٹ پری پیڈ انسٹرومنٹ‘‘سسٹم متعارف کرایا۔ صارفین اب پیمنٹ سروس پرووائڈرز کیخلاف 19شہروں میں 21 مقامات پر محتسب اعلیٰ کے دفتر میں شکایات درج کراسکتے ہیں۔بینکنگ کوڈز اینڈ اسٹینڈرڈز بورڈ آف انڈیا کے سی آئی او آنند اراس نے کہا کہ ڈیجیٹل ترسیل زر کے بڑھتے استعمال کو دیکھتے ہوئے محتسب کی تعیناتی سے شکایات کے ازالے میں سہولت پیدا ہوگی۔چاہے معاملہ آن لائن ٹرانزیکشن کا ہی کیوں نہ ہو۔
٭شکایات کیسے درج کرائیں؟
اگر آپ کی شکایت پر ڈیجیٹل پیمنٹ سروس فراہم کرنیوالے ادارے نے اطمینان بخش قدم نہیں اٹھایا تو آپ اُس محتسب اعلیٰ کے پاس شکایت درج کراسکتے ہیں جس کے دائرے میں خدمات فراہم کرنیوالا دفتر قائم ہو۔مرکزی آپریشنز کے معاملے میں آپ کے بلنگ ایڈریس سے معلوم ہوگا کہ کس محتسب کے آفس میں شکایت درج کرائی جائے۔آن لائن شکایات درج کرانا آسان ہے ۔ محتسب کے آفس کے ای میل اور دیگر معلومات آر بی آئی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اگر صارف یا سروس پروائڈر ، محتسب کے فیصلے سے مطمئن نہ ہوں تو آر بی آئی کے اس نائب گورنر کے پاس جاسکتے ہیں ۔محتسب کا فیصلہ آنے یا شکایات کے اخراج کی تاریخ سے 30دن کے اندر اپیل کرسکتے ہیں۔ اگر تمام کوششیں ناکام ہوجائیں تو آپ کنزیومر فورم یا عدالت کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔