انعم قریشی ۔۔ اسلام آباد
پاکستان اور ہندکے درمیان کشیدہ تعلقات میں جب بھی شدت پسندی کے واقعہ کے بعد تلخی کا ماحول پیدا ہوتا ہے تو اس کا اثر بالی وڈ پر بھی پڑتا ہے جہاں اب پلوامہ حملے کے بعد کچھ حلقے پاکستان مخالف جذبات کا اظہار کرتے ہیں تو کچھ نفرت پر مبنی رویے کی مذمت کر رہے ہیں۔
پلوامہ حملے کے فوری بعدہندوستانی شوبز سے پہلا ردعمل معروف شاعر اور ادیب جاوید اختر کی جانب سے آیا جنھوں نے چند دن بعد شروع ہونے والے اپنے دورہ پاکستان ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
جاوید اختر نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تو بالی ووڈ کے نامور فنکار اجے دیوگن نے یہ تک کہہ دیا کہ وہ اپنی آئندہ آنے والی فلم کو پاکستان میں ریلیز ہی نہیں کریں گے۔
بالی وڈ کمی نئی فلم ”ٹوٹل دھمال“ پاکستان کے سینما گھروں میں بھی ریلیز ہونا تھی تاہم، فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ”حالیہ واقعات کے تناظر میں ٹوٹل دھمال کی ٹیم کے فلم پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔“
ہندوستانی کئی فنکار جہاں پاکستان کو مورودالزام ٹھہراتے ہوئے آواز اٹھا رہے ہیں وہیں کچھ فنکاروں نے اس رویے کو غیرمناسب قرار دیاہے۔
اداکارہ پرینکا چوپڑا نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ وہ پلوامہ حملے کے بعد شدید صدمے سے دوچار ہیں، نفرت بالکل بھی درست جواب نہیں ہے۔
پرینکا سے ملتا جلتا ردعمل ادکار اکشے کمار کا بھی ہے جن کا ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کوئی ملک دہشتگردی میں ملوث ہو، ہند میں دہشتگرد ہیں۔ ملک میں موجود کچھ لوگ ہی دہشتگردی پھیلاتے ہیں۔