میچ فکسنگ کی پیشکش پر 10سال کی پابندی
جمعرات 21 فروری 2019 3:00
دبئی : پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کرنے والے عرفان انصاری پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے10برس کی پابندی عائد کردی۔آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی ٹربیونل نے اسے ضابطہ اخلاق کی 3شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا۔ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران ٹربیونل کو ٹھوس شواہد ملے کہ عرفان انصاری کی سرفراز سے ملاقات کا مقصد ان سے معلومات کا حصول تھا۔اس پابندی کے نتیجے میں عرفان انصاری 2029تک آئی سی سی کے زیر اہتمام یا اس سے منسلک اداروں کے تحت کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گا۔یاد رہے کہ 2017میں امارات میں سری لنکا کے خلاف 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران تیسرے میچ سے قبل ایک سٹے باز نے سرفراز احمد سے ایک بکی نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔اس کے بارے میں سرفراز نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو خبر دار کر دیا تھا ۔ بعد ازاں اس سٹے باز کی شناخت عرفان انصاری کے نام سے ہوئی تھی ۔آئی سی سی نے اس معاملے پر تحقیقات کا آغاز کیا لیکن گزشتہ سال اکتوبر اور رواں سال فروری میں ہونے والے اجلاس میں عرفان نے اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ جاری کردی گئی۔مقدمے کی سماعت کے دوران عرفان انصاری کی جانب سے سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے ثبوت اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش کئے گئے۔عرفان انصاری متحدہ عرب امارات کے ڈومیسٹک میچوں میں شرکت کرنے والی 2 ٹیموں کے کوچ کے علاوہ امارات جانے والی ٹیموں کو پریکٹس کےلئے بولرز فراہم کرنے کی وجہ سے آئی سی سی کے قوانین کا پابند تھا۔اس پریہ الزام بھی ہے کہ اس نے ایک کھلاڑی کو کوڈ کی خلاف ورزی پر اکسایا، اندرونی معلومات افشا کیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں