انڈین آبدوز کی پاکستانی حدودمیں داخلے کی کوشش ناکام
پاکستانی بحریہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بحیرہ عرب میں انڈین بحریہ کی ایک آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
منگل کو پاکستانی بحریہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈین آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’پاکستان بحریہ نے انڈین آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا اور پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس انڈین آبدوز کا سراغ لگا لینا انڈین بحریہ کی ناکامی ہے۔‘
پاکستان کی بحری فوج کے دعوے کے جواب میں انڈیا نے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
حالیہ واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک آبدوز کو سطح سمندر پر حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ویڈیو میں درج تاریخ اور وقت کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شب ساڑھے 8 بجے پیش آیا ہے۔
ترجمان پاکستان بحریہ کا کہنا ہے کہ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ جب پاکستان بحریہ نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کرنے والی انڈین آبدوز کا سُراغ لگایا ہےتاہم اس وقت انڈین بحریہ نے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں پر شدید کشیدگی ہے۔لائن اف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ سے دونوں اطراف عام شہریوں سمیت فوجی اہلکاروں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔