شین واٹسن کو پاکستان میں ’خوش آمدید‘
پاکستانی سوشل میڈیا میں سیاست یا حالات حاضرہ پر گفتگو کوئی نئی بات نہیں تاہم اس بار ایک آسٹریلین کھلاڑی کا پاکستان آنے کا اعلان سائبر والز پر ٹرینڈ بن گیا۔
37 سالہ سابق آسٹریلوی کپتان شین واٹسن نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پاکستان میں ہونے والے اختتامی میچوں میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب ہوں گے۔
ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر الگ الگ جاری پیغام میں انہوں نے 14 برس بعد پاکستان آنے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ شائقین کو دنیا کے پرجوش ترین کرکٹ فینز میں شامل قرار دیا۔
بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی ایس ایل اور دیگر لیگز کی صورت کرکٹ سے وابستہ شین واٹسن کے اعلان کو پاکستانی اور غیرملکی کرکٹ شائقین نے یکساں حیرت سے دیکھا، پاکستانی شائق شین واٹسن کا شکریہ ادا کرتے اور اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملنے پر پرجوش دکھائی دیے۔
یاسر ڈار نامی ٹوئٹر صارف نے شین واٹسن کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’لائیو کرکٹ کھیلتا دیکھنے کو ٹریٹ تسلیم کیا۔‘
متعدد ٹوئٹر صارفین نے شین واٹسن کی آمد کو اب تک پہلی پوزیشن پر براجمان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ اپنی خوشی کا اظہار کرتے عبدالباسط نامی صارف نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح سے تعبیر کیا۔
کچھ پاکستانی شین واٹسن کو پی ایس ایل کیریئر کا ماضی یاد دلا کر ان سے شکوہ کرتے بھی نظر آئے۔ بیری پاکستانی نامی ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پاکستان نہیں آئے اور اب مان گئے۔
شین واٹسن پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
کرکٹ حلقوں کے علاوہ پاکستانی میڈیا نے بھی شین واٹس کی پاکستان آمد کی خبروں کو نمایاں کوریج دی اور اسے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سفر میں اہم سنگ میل قرار دیا۔