Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ میں سب سے بڑا اپ سیٹ

میڈرڈ: یورپ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ چیمپئنزلیگ میں سب سے بڑا اپ سیٹ ہو گیا ہے اور گزشتہ 3برس سے چیمپئنز لیگ کی چیمپیئن ہسپانوی ٹیم رئیل میڈرڈ ہالینڈ کے کلب ایجکس کے ہاتھوں شکست کھاکر پری کوارٹر فائنل مرحلے ہی میں لیگ سے باہر ہوگئی جبکہ ڈچ کلب کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ۔ رئیل میڈرڈ 13 مرتبہ یہ لیگ جیت چکی ہے لیکن اس مرتبہ بنیادی فرق یہ تھا کہ اسے اپنے سب سے بڑے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر کھیلنا پڑا اور اس کیلئے اعزاز کا دفاع ناممکن ہو گیا ، دفاعی چیمپیئن ٹیم ہوم گراونڈ پردوسرے مرحلے کے میچ میں 1-4کی بڑی شکست کے بعد مجموعی طور پر3-5 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو گئی ۔پہلے مرحلے کے میچ میں اس نے 1-2سے کامیابی حاصل کی تھی اور عام تاثر یہی تھا کہ اس کے لئے دوسرا میچ جیتنا مشکل نہیں ہوگا جو اسی کے گراونڈ میں ہونا تھا لیکن تمام اندازے غلط ثابت ہو گئے ۔ میڈرڈ میں کھیلے گئے میچ میں ڈچ کلب نے دونوں ہاف میں 2-2گول کئے جبکہ رئیل میڈرڈ کا واحد گول دوسرے ہاف میں ہوا پہلے ہاف کے دوران مراکشی کھلاڑی حکیم ضیائچ نے 7ویں منٹ میں جبکہ ڈیوڈ نیریس نے 18ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو دہری برتری دلائی جس کے بعد دوسرے ہاف میں ڈوسان ٹیڈچ نے 62ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے رئیل میڈرڈ کیلئے میچ میں واپسی مشکل کر دی ۔ اگرچہ اس گول پر تنازع بھی ہوا تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے گول درست ثابت ہوا۔ 8منٹ بعد رئیل کے کھلاڑی مارکو ایسنسیو نے گول کرکے خسارہ کچھ کم کیا لیکن 2ہی منٹ کے بعد ایجکس کے کھلاڑی لیسے شون نے اپنا پہلا اور ٹیم کا چوتھا گول کرکے میچ یکطرفہ کردیا اور دفاعی چیمپیئن کیلئے لیگ سے باہر ہونے کی راہ ہموار کردی ۔رئیل میڈرڈ نے ایک ہزار 11دن تک لیگ پر راج کیا لیکن اسے ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کرانے والے رونالڈو کی عدم موجودگی راس نہیں آئی اور اس کےلئے کوارٹر فائنل کھیلنا بھی ممکن نہیں ہو سکا۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: