لاہور... وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک سے علاج کیلئے عدالت سے رجوع کریں ۔اگر اجازت ملتی ہے تو کوئی اعتراض نہیں ہو گا ۔کسی وزیر کو بدلنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ۔میری کبھی فواد چوہدری سے لڑائی نہیں ہوئی ۔پی ٹی وی کے معاملات پر پارٹی کا اصولی موقف اپنایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کلین اینڈ گرین منصوبے کے تحت پنجاب میں اربوں درخت لگائے جائیں گے۔پنجاب میں اس وقت2 درجن اسپتال نامکمل حالت میں کئی برس سے پڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے فوری طور پر انہیں مکمل کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔انصاف ہیلتھ کارڈ پورے پاکستان میں تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ واگزار کرا لیا جو زمینیں استعمال میں نہیں انہیں بیچ کو حکومت کے اخراجات چلائے جائیں گے۔ ریلوے کے پاس ایک لاکھ 32ہزار ایکٹر اراضی بیچنے کی پیش کش کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ اجلاس میں کسی وزیر کو بدلنے کی بات میں کوئی صداقت نہیں ،میری کبھی فواد چودھری سے لڑائی نہیں ہوئی ،عمران خان کے بعد پارٹی کا سینئر ترین رکن ہوں ،پی ٹی وی کے معاملات پر پارٹی کا اصولی مﺅقف اپنایا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مکمل طور پر طبی سہو لتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔نواز شریف کا علاج نہ کرانے کا ان کا ذاتی فیصلہ ہے ۔ بیرون ملک علاج کے لئے عدالت سے رجوع کریں ،اگر وہ اجازت دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے اپنے دور حکومت میں معیشت کو تباہ کیا۔کرپشن کے حوالے سے وزیر اعظم نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں ، نیب کے حوالے قانون میں بہتری کی ضرورت ہے ۔نیب کے قانون میں لکھا ہے کہ 30 دن کے اندر کاروائی کی جائے مگر ایسا نہیں ہوتا،نیب کے سربراہ خود اس کا جائزہ لیں ،نیب کے قانون اور کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی۔