زین الدین زیدان کی "گھرواپسی"رئیل میڈرڈکے دوبارہ کوچ بن گئے
میڈرڈ: فرانس کے عظیم سابق فٹبالر اور معروف کوچ زین الدین زیدان ایک مرتبہ پھر ہسپانوی کلب رئیل میڈ رڈ کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھا لیں گے۔ کلب انتظامیہ نے مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے 4ماہ قبل بنائے جانے والے کوچ سانتیاگو سولاری کوفارغ کر دیا۔ زیدان نے گزشتہ سیزن میں کلب کی مسلسل تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ میں فتح کے بعد اچانک کوچنگ چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا تھا ۔ ان کی کوچنگ میں کلب نے مجموعی طور پر9ٹرافیاں جیتی تھیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے برطرف کئے جانے والے کوچ جوز مورینہو کے بارے کہا جا رہا تھا کہ وہ رئیل میڈرڈ میں ذمہ داری سنبھال رہے ہیں لیکن کلب کے صدر نے گزشتہ روز زیدان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہی کی واپسی اور 2022 ءتک کوچ بنانے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر زیدان کا کہنا تھا کہ میںکئی کلبزکی جانب سے ملنے والی پیشکشیں رد کر چکا ہوں لیکن "گھرواپسی" کی پیشکش ٹھکرانا ممکن نہیں تھا۔ زیدان اور اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے رئیل میڈرڈ چھوڑ دینے کے بعد کلب کی کارکردگی زوال پذیر تھی اور دفاعی چیمپیئن گزشتہ ہفتے پری کوارٹر فائنل ہی میں چیمپیئنز لیگ سے باہر ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے زیدان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ان کیلئے نیا چیلنج ہے اور وہ معاملات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ زیدان کے مطابق وہ اس لئے واپس آئے کہ کلب کے صدر نے فون کرکے واپسی کاکہا اور یہ بڑی ذمہ داری سونپی جسے قبول کرکے وہ خوش بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ کلب چھوڑ کر گئے تو اس وقت ٹیم کوتبدیلی کی ضرورت تھی اور اب وہ اس لئے آگئے کہ رئیل میڈرڈ سے محبت کرتے ہیں کہ یہ وہ کلب ہے جس کیلئے وہ کھیلتے بھی رہے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں