پی ایس ایل4 میں کراچی کنگز کا سفر ختم
کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ایلیمنیٹرراونڈ کے پہلے میچ میں جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر لی دوسرے میچ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔اس کے ساتھ ہی کراچی کنگز کا پی ایس ایل 4 میں سفرختم ہوگیا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا اب اس کا مقابلہ فائنل کی دوڑ کیلئے پشاور زلمی سے ہوگا ۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 161 رنزبنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 6وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔کراچی کنگز کے اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کولن منرو نے 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے، بابر اعظم 42، لیونگسٹن 30، انگرم 23، کپتان عماد وسیم 13،ڈنک 12، افتخار احمد ،عامر یامین اور عثمان شنواوی 1،1رنز جبکہ محمد عامر 3 بنا سکے۔لینوگسٹن اور بابر اعظم نے 50 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 102تک پہنچایا۔دوسری وکٹ گرنے کے بعد اسلام آباد نے عمدہ بولنگ سے کراچی کنگز کو دباو میں لے لیا اور اسکور میں اضافے کی رفتار کم ہوگئی۔ عماد الیون مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 161 رنز ہی بنا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان پیسر محمد موسیٰ نے 3 شکار کئے۔ فہیم اشرف نے 2، شاداب خان، رومان رئیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان محمد سمیع 32رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونچی محض 5 رنز پر آوٹ ہوگئے۔ ڈیلپورٹ نے 38رنز بنائے۔ایلکس ہیلز اور حسین طلعت کی عمدہ شراکت سے میچ اسلام آباد کے حق میں چلا گیا ۔ایلکس ہیلز نے 41رنز بنا کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ حسین طلعت نے 32 رنز بنائے۔فہیم اشرف 17 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ آصف علی نے آخری اوور کی تیسری گیند پر ہدف پورا کر دیا۔ پی ایس ایل 4میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ 3 مرتبہ بالمقابل ہوئیں تا ہم بدقسمتی سے کراچی کنگز ایک میچ بھی فتح حاصل نہیں کر سکی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں