Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب دیگر ممالک کی تیل رسد کی تلافی غیر معینہ مدت تک نہیں کریگا، الفالح

ریاض۔۔۔سعودی وزیر پٹرولیم خالد الفالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب دیگر ممالک کی تیل رسد میں مسلسل کمی کی تلافی غیر معینہ مدت تک نہیں کرے گا۔ وہ باکو میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور وینزویلا کی تیل پیداوار میں کمی کے باوجود مارکیٹ میں تیل کی رسد حد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تیل منڈی میں توازن کی بحالی کیلئے اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک کو کافی کچھ کرنا ہوگا۔ انہیں سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران اپنا ہدف حاصل کرنے کی خاطر ضروری اقدامات اور ان کی تیاریاں کرنا پڑیں گی۔ الفالح نے کہا کہ " اوپیک پلس" 24 تیل برآمد کرنے والے ممالک پر مشتمل ہے۔ اسے آئندہ جون تک تیل پیداوار میں کمی جاری رکھنا ہوگی۔ اوپیک کے ساتھ دس اور تیل برآمد کرنے والے ممالک ہیں ان میں روس سرفہرست ہے۔ دریں اثناءروسی وزیر پٹرولیم نے اوپیک پلس اجلاس میں شرکت کے موقع پر کہا کہ دراصل وینزویلا میں تیل کی پیداوار اور ایران کی تیل پیداوار میں ابہام پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اوپیک پلس کیلئے مئی یا جون سے قبل نئے اقدام کی نشاندہی مشکل ہوگی۔ روس نے یہ بات واضح کردی کہ تیل پیداوار میں کمی جون تک جاری رکھی جائے گی۔ دوسری جانب امریکہ نے حالیہ مہینوں کے دوران تیل برآمدات میں اضافہ کردیا ہے۔ امریکہ کی تیل پالیسیوں نے اوپیک کیلئے ابہام کی صورتحال پیدا کردی ہے۔ 

شیئر: