ریاض۔۔۔ محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ فیملی وزٹ ویزے میں (ابشر) کے توسط سے توسیع کیلئے ہیلتھ انشورنس کرانا ضروری قرار دے دیاگیا۔ محکمہ پاسپورٹ نے فیملی وز ٹ ویزے میں توسیع کے حوالے سے آن لائن کارروائی کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔ آئندہ فیملی وزٹ ویزے میں آن لائن توسیع ہیلتھ انشورنس کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔ یہ ویزے دفتر خارجہ سعودی کوآپریٹیو ہیلتھ انشورنس کونسل کے ماتحت جنرل سیکریٹریٹ اور نیشنل انفارمیشن سنٹر کے تعاون سے جاری کرتا ہے ۔ محکمہ پاسپورٹ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ویزٹ ویزے میں توسیع مؤثر ہیلتھ انشورنس کے بغیر ممکن نہیں ہوگی۔ اگر ان کے پاس پہلے سے ہیلتھ انشورنس اسکیم موجود ہو تو اس کی تجدید کرانا ہوگی۔ محکمہ پاسپورٹ نے اس پابندی سے حج ، عمرہ ویزو ں نیز سفارتکاروں کو استثنیٰ دیا ہے۔ علاوہ ازیں سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے مہمانوں ، سفارتی مشنوں اور سعودی عرب کے سرکاری مہمانوں کو بھی اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ محکمہ نے توجہ دلائی کہ فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کی کارروائی ویزے کی مدت میں 7 روز باقی رہنے پر کی جاسکتی ہے۔ اس سے کم مدت پر بھی توسیع کی کارروائی ہوسکے گی جبکہ وزٹ ویزا ختم ہونے کے تین دن بعد توسیع کی جاسکتی ہے۔ وزٹ ویزے کی مجموعی مدت 180 دن ہے ۔ اس کے بعد کسی طرح کی توسیع نہیں کی جاسکتی۔