جمعرات 21مارچ 2019ء کو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ’’ الریاض‘‘ کا اداریہ نذر قارئین ہے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض شہر کیلئے 86ارب ریال لاگت کے جن عظیم الشان منصوبوں کا اعلان کیا ہے وہ سعودی وژن 2030 کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ان منصوبوں کی بدولت ریاض میں زندگی کا معیار بہتر ہوگا۔ان منصوبوں کا مقصد ریاض میں افراد اور اہل خانہ کا طرز حیات بہتر بنانا اور ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جس کے باشندے متوازن زندگی کی نعمت سے مالا مال ہوں۔
ریاض میں کنگ سلمان پارک، سبز ریاض، اسپورٹس لین اور ریاض آرٹ کے منصوبے نافذ ہونگے۔ یہ عظیم الشان اقتصادی و سماجی فوائد کے حامل ترقیاتی منصوبے ہیں۔ زندگی کے تمام شعبوں پر ان کے مثبت اثرات پڑیں گے۔ اقتصادی سرگرمیوں میں تنوع پیدا ہوگا۔ یہ منصوبے سعودی شہروں کو دنیا کے بہترین شہرو ںکی فہرست میں شامل کرانے کا باعث بنیں گے۔
سعودی عرب ان منصوبوں کی بدولت وژن 2030کے مطابق مستقبل سازی کا پروگرام آگے بڑھا رہا ہے۔ان سے نجی اداروں کو سرمایہ کاری کے نت نئے مواقع نصیب ہونگے۔ عظیم ریاض کے شاندار منصوبے ولی عہد کی راست نگرانی میںانجام پائیں گے۔ریاض آبادی میں اضافے کے حوالے سے تیزی سے پھیلنے والے شہرو ںمیں سے ایک ہے۔ ریاض نئے منصوبوں کی بدولت عظیم الشان سیاحتی وسائل سے آراستہ ہوگا۔ ان منصوبوں سے افراد ، اہل خانہ اور ریاض کے سیاح فیض یاب ہونگے۔ان کے ذریعے سعودی عرب کے ورثے کو تحفظ حاصل ہوگا۔ یہ منصوبے فنون لطیفہ اور ثقافت کے شعبے میں مملکت کی شراکت کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ ریاض کا ترقیاتی مستقبل ، مالیاتی ، تجارتی، ثقافتی او رسائنسی اعتبار سے روشن ہے۔