کراچی...پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل 26 مارچ کو کراچی سے لاڑکانہ ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا۔ ٹرین مارچ کا آغاز کراچی سے منگل کی صبح کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں لانڈھی اور ملیر ا سٹیشنوں پر خطاب کا امکان ہے۔ ٹھٹھہ، جامشورو اور حیدرآباد اسٹیشنوں پر بھی رکیں گے۔بلاول بھٹو زرداری 26 مارچ کی رات نواب شاہ میں قیام کریں گے 27مارچ کی صبح براستہ سکھراسٹیشن لاڑکانہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ لاڑکانہ میں 4 اپریل کو ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی میں شرکت کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاک، ہندکشیدگی کے باعث اب تک کراچی سے سکھر اور لاڑکانہ کا فلائٹ آپریشن معطل ہے۔ دریں اثناءپیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ز یر قیادت کراچی سے روانہ ہونے والے کاروا ن بھٹو کا سندھ کے کارکنان اور عوام والہانہ استقبال کریں گے۔ تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے فریال تالپورکی زیرصدارت پیپلزپارٹی کے رہنماں کا اہم اجلاس ہوا ۔ فریال تالپورنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری وفاقی سیاست کی مضبوط علامت ہیں۔ وفاقی حکومت کی رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں کارکنان نے اسلام آباد پہنچ کر اپنے چیئرمین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اب 26 مارچ کو کارکنان و عوام بڑی تعداد میں کینٹ اسٹیشن پہنچ کر پارٹی چیئرمین کے قافلے کو کراچی سے لاڑکانہ کے لئے روانہ کریں گے۔ سندھ بھرمیں مختلف ریلوے اسٹیشنوںپران کا والہانہ استقبال ہوگا۔