امیدوار نامزدگی کیلئے25ہزار روپے کے سکے لیکرزونل آفس پہنچ گیا؟
نئی دہلی۔۔۔۔پارلیمانی انتخابات 2019ء کے پہلے مرحلے کیلئے پیرکو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن تھا۔دوسرے مرحلے میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، جموں کشمیر، کرناٹک، مہاراشٹر ، منی پور ، اوڈیشہ ، تامل ناڈو ، تری پورا ، اتر پردیش، مغربی بنگال اور پوڈو چیری کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کئے جائیں گے۔اے این آئی کے مطابق پہلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن تاملناڈو کے ایک آزاد امیدوار نے کاغذات نامزدگی اس طرح جمع کرایا کہ سب کی نگاہیں اس کی جانب مرکوز ہوگئیں۔
دراصل امیدوار نے نامزدگی کی فیس 25ہزار روپے سکوں کی شکل میں جمع کرائے جسے گننے میں کارکنوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آزاد امیدوار کُپّال جی دیوداس نے جنوبی چنئی کی سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کیا ۔وہ چنئی کے زونل آفس میں 10،5اور 2روپے کے سکوں سے بھرے ہوئے ڈبے لیکر پہنچ گیا ۔تامل ناڈوکی اس نشست پر موجودہ اے آئی اے ڈی ایم کے رادھا کرشنن رکن پارلیمنٹ ہیں ۔واضح ہو کہ ریاست تامل ناڈو کی 39سیٹوں کیلئے 18اپریل سے ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 23کو ہوگی۔