Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹسال ورلڈ کپ، پاکستانی قومی ٹیم کے ویزے منسوخ

 
رائَے شاہنواز
فیفا کے زیرے اہتمام ارجینٹینا میں پیر سے شروع ہونے والے فٹسال ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑی شریک نہ ہو سکے۔ دبئی ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی کھلاڑیوں کے ارجینٹینا کے ویزے منسوخ کرکے انہیں پاکستان واپس بھجوا دیا گیا۔ 
پاکستان فٹسبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ملک عدنان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ارجیٹینا میں شروع ہونے والے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی دو دستوں کی صورت میں جمعہ کو پاکستان سے روانہ ہوئے تھے۔ٹیم کے4کھلاڑی ایک فلائٹ جبکہ ایک آفیشل سمیت 7 کھلاڑی دوسری پرواز میں تھے۔ ملک عدنان نے بتایا کہ7 کھلاڑیوں والے دستے کو دبئی ائیرپورٹ پر روک لیا گیا اورویزے منسوخ کر دئیے گئے۔ 
ملک عدنان سے جب کھلاڑیوں کے ویزے منسوخ کرنے کی وجہ کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دبئی ائیرپورٹ حکام نے ویزے منسوخ کرنے کی کوئی وضاحت نہیں دی۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کو 24 گھنٹے ائیرپورٹ پر انتظارکرانے کے بعد اتوار کو پاکستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ 
ٹیم کے باقی چار کھلاڑیوں کو ارجیٹینا پہنچے کے بعد اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے ویزے بھی منسوخ کرنے کے بعد ارجینٹینا کے ائیرپورٹ سے ڈیپورٹ کر دیا گیا ہے، جو پیر کی شام کراچی ائیر پورٹ پر لینڈ کر رہے ہیں۔
سیکرٹری ایسوسی ایشن ملک عدنان نے بتایا کہ واقعہ کے فوری بعد وزارت خارجہ کے حکام اور ارجنٹینا میں پاکستانی سفارت خانے کو صورت حال سے آگاہ کردیا گیا تھا لیکن ہفتہ اور اتوار کی تعطیل کی وجہ سے معاملہ حل نہ ہوسکا۔ تحریری طور پر وزارت خارجہ کو بھی صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہرجینٹینا میں ہونے والے بین الاقوامی فٹسال ورلڈ کپ میں پیر کوپاکستان کا پہلا میچ ارجینٹینا کے ساتھ کھیلا جانا تھا۔ 
فٹسال کیا ہے؟
فٹسال بنیادی طور پر ایک طرح سے فٹبال ہی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ فٹسال ان ڈور کھیلی جاتی ہے، اس کا گراو¿نڈ فٹبال کے مقابلے میں چھوٹا ہوتا ہے اور ایک ٹیم میں11کے بجائے صرف5 کھلاڑی ہوتے ہیں۔ 
اس کے بین الاقوامی مقابلے فیفا کے زیراہتمام ہی ہوتے ہیں۔ فٹسال، فٹبال کے مقابلے میں تیز اور تکنیکی کھیل سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح فٹسال کے ایک میچ کا دورانیہ 90 منٹ کے بجائے 40 منٹ ہوتا ہے۔ فٹسال کا گیند بھی فٹبال کے مقابلے میں چھوٹا اور کم اچھلنے والا ہوتا ہے۔ کھیل کو مزید تیزتر بنانے کے لئے 4 سیکنڈ رول کے تحت اگر کھیل رک جائے، تو 4 سیکنڈ میں ہی شروع کرنا پڑتا ہے۔
 

شیئر: