Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرادری اورحمزہ شہباز کی آج پیشی،نیب کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد... سابق صدر آصف علی زرداری پیر کو جعلی اکاونٹس کیس میں احتساب عدالت جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہبازشریف آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونگے ۔ نیب نے حکمت عملی تیار کر لی ۔دونوں رہنماوں کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخ ہونے پرہائی کورٹ سے ہی حمزہ شہباز کی گرفتاری متوقع ہے۔ نیب کی 8 رکنی ٹیم ہائی کورٹ میں موجود رہے گی۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت جو بھی فیصلہ کریگی اس پر عملدرآمد کیا جا ئے گا۔
  واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی گرفتاری روکتے ہوئے 2 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور انہیں پیرکو 2رکنی بنچ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ 
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے حفاظتی ضمانت کی درخوست کی سماعت اپنے چیمبر میں سماعت کی تھی۔ حمزہ شہباز کے وکیل کا موقف تھا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاون میں رہائش کو نیب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔حمزہ شہباز نے اپنی عبوری ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ نیب عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔کسی شہری کو دادرسی کے لئے عدالت سے رجوع کرنے سے روکنا بنیادی حقوق کی نفی ہے۔
  دوسری طرف اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زر داری کو پیر کی صبح 9 بجے طلب کر رکھا ہے ۔ سابق صدر نے کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی ہے۔زرداری کے وکلا کی جانب سے 2 ہفتے کی مہلت دینے کا خط نیب کو موصول ہوا ہے جس میں 17 اپریل تک کی مہلت مانگی گئی ہے۔
سابق صدر نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ۔ آصف زرداری نے اپنے بیان میں کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ نیب ہیڈ کوارٹر نہ آئیں۔ مخالفین کو قانونی طریقے سے چت کر نا چاہتے ہیں ۔ٹھنڈے دماغ سے مقدمات لڑنے کے عادی ہیں۔
سابق وزیردفاع اور ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں منگل کوطلب کیا گیاہے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بیان ریکارڈ کرے گی۔ نیب نے خواجہ محمد آصف کو کو دوسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ اس سے قبل نیب نے یکم اپریل کو طلب کیا تھا تاہم خواجہ آصف بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے ۔
 
 
 

شیئر: