اسلام آباد ...وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایران میں حالیہ شدید سیلاب اوراس کے نتیجے میں ہونے والے مالی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے شاہ محمود قریشی کو حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے 31 میں سے 25 صوبے سیلاب کی زد میں آئے ہیں ۔
اس موقع پر شاہ محمود نے کہا کہ ایران میں شدید سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویش ناک ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اس دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کمبل، خیموں اور فرسٹ ایڈ باکسز پر مشتمل امدادی سامان کے2 جہاز فوری طور پر بھجوا رہے ہیں ۔وزیر خارجہ نے مشکل گھڑی میں ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بروقت امداد پر اپنی اور حکومت کی طرف سے وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ ایران میں بارش اور سیلاب سے تباہی پر افسردہ ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستانی اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان ایران کوامدادی کاموں میں مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔