11سال بعد ”ٹائیگر کی واپسی“
عالمی شہرت یافتہ امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز نے گالف کا ماسٹرز ٹورنامنٹ اپنے نام کرکے 11سال بعد کھیل کے میدان میں شاندار واپسی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹائیگر ووڈز کی جیت پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’دباﺅ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے لوگوں سے محبت ہے۔ ایک عظیم شخص کی کیا زبردست واپسی ہے۔‘
ووڈز کی جیت پرمیدان میں موجود ان کے بیٹے چارلی نے انہیں گلے لگایا ۔ گیارہ سالہ چارلی نے اپنے والد کو پہلی بار جیتتے ہوئے دیکھا۔
ٹائیگر ووڈز کا کریئر گذشتہ چند سالوں سے صحت کے مسائل اور تنازعات کی نذر ہوگیا تھا، انھوںنے 11سال بعدگالف کے 83ماسٹرز ٹورنامنٹ میں 15واں میجر ٹائٹل جیتا ہے۔
یاد رہے کہ ٹائیگر وڈز امریکی ریاست فلوریڈا میں کار کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے اور کمر کی تکلیف کے باعث سنہ 2017میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن ہوا تھا۔43 سالہ امریکی سپرسٹار نے سنہ 2008میں یوایس اوپن کے بعدیہ پہلا میجر ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
ووڈز کا کہنا ہے کہ ’یہ اس لیے انتہائی خوش کن اس لیے ہے کیونکہ میں بمشکل چل سکتا تھا، سو نہیں سکتا تھا،کچھ بھی نہیں کرسکتا تھا۔ گالف واپسی کا موقع ملنے کے بعد یہ میرے لیے اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے ۔‘
ٹائیگرووڈز کا کیریئر سنہ 2009 میں جنسی سکینڈل اور کمر کے سات مرتبہ آپریشن کی وجہ سے داو پر لگ گیا تھا ۔ان کی سنہ 2005کے بعد یہ پانچویں کامیابی ہے۔
ٹائیگر ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد خاصے جذباتی ہوگئے اور اپنی جیت کاجشن منانے کے لیے اپنے بچوں اور والدہ کے پاس چلے گئے، پورا سٹیڈیم شائقین کی جانب سے ٹائیگر کے نعروں سے گونج رہاتھا۔
ٹائیگر ووڈز نے کہا کہ ’یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہت اہم تھا اور یہاں سب کاموجود ہونا میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔‘ اتنے طویل عرصے کے بعد چیمپئن بننا میرے لیے ناقابل بیان تجربہ ہے ، میں اس سے زیادہ خوش اور پُرجوش نہیں ہوسکتا،میرے پاس اپنی خوشی بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں ۔ ‘
امریکی ریاست جارجیا کے آگسٹا شہر میں کھیلے گئے گالف ماسٹرز میں ووڈز نے کھیل کے فائنل راﺅنڈ میں منفی 13کاسکور بناتے ہوئے فتح سمیٹی اور بیس لاکھ ڈالر کی انعامی رقم اور ماسٹرز ٹائٹل کی علامت کے طور پر گرین جیکٹ حاصل کی۔
بروکس کوئپکا ، ڈسٹن جانسن اور زانڈر شاﺅفلے اور نے منفی 12 کے سکور کے ساتھ مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اس شاندار جیت کے بعد ووڈز میجر ٹورنامنٹس جیتنے والوں میں سرفہرست امریکی گالفر جیک نکلاﺅس سے صرف تین ٹورنامنٹ پیچھے ہیں ۔
جیک نکلاوس نے اپنے ٹویٹرپیغام میں ٹائیگر ووڈز کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی جیت پر بہت خوش ہیں اور گولف کے کھیل کے لیے بھی یہ ایک خوش آئند بات ہے۔