آئی سی سی ٹرافی اسلام آباد پہنچ گئی
جمعرات 11 اپریل 2019 3:00
اسلام آباد: ورلڈ کپ 2019ءمیں جیتنے والی ٹیم کو دی جانیوالی آئی سی سی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کے سفر میں آئی سی سی ٹرافی تین شہروں میں نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد میں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ٹرافی لاہور اور پھر کراچی میں بھی لائی جائے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ورلڈ کپ ٹرافی لے کر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اسلام آباد کے شہریوں کو سینٹوریس مال میں ٹرافی دیکھنے کا موقع ملے گا ۔ 13 اپریل کو پیکجز مال لاہور میں ٹرافی کو سجایا جائے گا اور اس کے بعد 14 اپریل کو کراچی کلفٹن کے ڈولمین مال میں کرکٹ کے دیوانوں کو ٹرافی کی ایک جھلک دکھائی جائے گی۔
14 اپریل کو ہی مرکزی تقریب بھی کراچی میں ہوگی جس میں کنسرٹ، فوڈ فیسٹول اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر کپتان سرفراز احمد نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد ، پی ایس ایل میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی اور اب ورلڈ کپ ٹرافی کی آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ سرفراز احمد نے کہا جیت کر دوبارہ اسے پاکستان میں لانے کی کوشش کریں گے۔