Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کا نو ماہ میں چین کا دوسرا دورہ

 

 

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر آج جمعرات کو بیجنگ پہنچ رہے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بیجنگ میں ہونے والے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔دورے میں وفاقی کابینہ ارکان اور اعلیٰ حکام کا ایک وفد بھی عمران خان کے ہمراہ ہو گا۔

 

وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے اور رہنماؤں کی گول میز کانفرنس میں شریک ہوں گے۔بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں 40 ممالک کے سربراہان اور 100 سے زائد ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور کاروباری شعبے کے وفود شریک ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں پیش رفت جائزہ لیا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ سال نومبر کے بعد یہ دوسرا دورہ چین ہے۔ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مستقبل سے متعلق خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ ان خدشات کو اس وقت تقویت ملی جب گذشتہ برس نومبر میں وزیراعظم کے پہلے دورہ چین سے قبل ان کے مشیرعبدالرزاق داؤد کا متنازع بیان سامنے آیا۔
 
عبدالرزاق داؤد نے ایک انٹرویو میں مبینہ طور پر کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لے گا اور ایک سال تک سی پیک منصوبوں کو التوا میں ڈال دینا چاہیے۔عبدالرزاق داؤد کے متنازعہ بیان کے بعد چینی حکام نے پاکستانی حکام سے رابطہ کر کے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔
 
اپوزیشن کی جانب سے کڑی تنقید کے بعد عبدالرزاق داود نے اپناوضاحتی بیان جاری کیا جس میں کہاگیا کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا ہے۔
 
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے قبل پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاو جنگ نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ "پاکستان اور چین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ سی پیک دونوں ممالک کے لیے یکساں فائدہ مند منصوبہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے چینی حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے نو ماہ کے دور اقتدار میں دوسری مرتبہ چین کا دورہ کر رہے ہیں۔"
 
وزیراعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کے ساتھ فورم کی سائیڈ لائن پر مختلف ممالک کے سربراہان، حکومتی اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔
 عمران خان کی بیجنگ میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈے سے بھی ملاقات ہو گی جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی پیکج ڈیل پر بات چیت کی جائے گی۔

شیئر: