Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط ایس ایم ایس،دسیوں مسافر منزل پر نہ پہنچ سکے

سعودی ائیر لائن کے غلط ایس ایم ایس کے باعث دسیوں مسافر منزل پر نہ پہنچ سکے ۔ پرواز صرف 4 مسافروں کو لیکر بیشہ سے جدہ پہنچ گئی ۔ مسافروں کو ائیر لائن کی جانب سے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں فلائٹ شیڈول میں تبدیلی کی اطلاع تھی ۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروساءنے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو غلط ایس ایم ایس بھیجا گیا ۔ ائیر لائن اس کی ذمہ دار ہے جس پر قانون کی شق نمبر 10 کا اطلاق ہوتا ہے ۔ قانون کی اس شق کے مطابق پرواز منسوخ تصور کی جائے گی۔ ائیر لائن مسافروں کو 100 فیصد ہرجانہ ادا کرنے کی پابند ہے ۔ 
الروسا ءنے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے مقرر مسافر وں کے حقوق کے تحفظ کے قانون کے مطابق اگر ائیر لائن کی جانب سے مقررہ وقت سے 4 سے 24 گھنٹے قبل فلائٹ کینسل ہوتی ہے تو اس صورت میں ائیر لائن کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسافر کو آئندہ 6 گھنٹے کے اندر دوسری فلائٹ مہیا کرے ۔مذکورہ کیس میں فلائٹ کینسل تصور کی جائے گی ۔
 ائیر لائن کی جانب سے مسافر وں کے لئے دوسری پرواز کا بندوبست نہ کئے جانے کی صورت میں مسافروں کو اختیار ہے کہ وہ کسی دوسری ائیر لائن کا نتخاب کرے جس کی رقم متاثرہ ائیر لائن فراہم کرنے کی پابند ہے ۔ علاوہ ازیں مسافر کو ٹکٹ کی پوری رقم اور 100 فیصد ہرجانہ ادا کیا جائے گا ۔
واضح رہے سعودی عرب کے شہر بیشہ سے جدہ کےلئے آنے والی پرواز کے مسافروں کو سعودی ائیر لائن کے کنٹرول روم سے موبائل پیغام ارسال کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پرواز کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے ۔ وہ تمام مسافر جو اس پرواز کے ذریعے بیشہ سے جدہ آرہے تھے ایس ایم ایس پیغام کے مطابق ائیر پورٹ پہنچے تو معلو م ہوا کہ فلائٹ جا چکی ہے ۔ مسافروں نے سول ایوی ایشن سے رابطہ کرکے انہیں وہ ایس ایم ایس دکھایا جس میں پرواز کے وقت میں تبدیلی کی اطلاع دی گئی تھی ۔ 

شیئر: