سعودی محکمہ شماریات کے مطابق مجموعی طورپر 91 فیصد سعودی خواتین پابندی سے کوئی بھی ورزش نہیں کرتیں جب کہ ورزش کرنے والی نوعمرلڑکیوں کی شرح بھی 8.9 فیصد سے زیادہ نہیں ہے ۔
مکہ اخبار نے محکمہ شماریات کے حوالے سے ایک جائزہ شائع کیا ہے جس کے مطابق سنہ 2018 کے دوران سعودی عرب کے 13 صوبوں کے 26 ہزار خاندانوں کو سروے میں شامل کیا گیا تھا ۔
جس سے معلوم ہوا ہے کہ ورزش کرنے والی سعودی خواتین اور مردوں کی شرح 18.99 فیصد ہے۔ یہ لوگ ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 150 منٹ ورزش کرتے ہیں اور ان کی عمریں 15 برس یا اس سے زیادہ ہیں، جب کہ مجموعی طور پر ورزش نہ کرنے والی خواتین اور مرد سعودی شہریوں کی شرح 81 فیصد ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق جو سعودی خواتین ورزش کرتی ہیں وہ ہفتے میں 150 منٹ یا اس سے زیادہ ورزش نہیں کرتیں۔ ان میں 20 سے 24 برس عمر کی خواتین کا تناسب 10.73 فیصد ہے ۔ 25 سے 29 برس عمر کی خواتین کا تناسب 10.18 فیصد اور 65 برس سے زیادہ عمر کی خواتین کا تناسب 2.80 فیصد ہے ۔
سنہ 2018 کے دوران سعودی عرب میں ورزش کے دوران جدید ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے شہریوں کا تناسب 17.90 فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس حوالے سے غیر ملکیوں کا تناسب 3.59 ہے۔