Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی میں سعودی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو خطرات؟

سعودی سرمایہ کاروں کو بعض اوقات اثرو نفوذ رکھنے والے لوگ اشتعال انگیز حرکتوں سے خوفزدہ کرتے ہیں
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین عجلان بن عبدالعزیز العجلان نے الزام لگایا ہے کہ ترک حکام نے سعودی سرمایہ کاروں کے تحفظ سے ہاتھ اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو سعودی شہری بھی وہاں سرمایہ کاری کرے گا اپنے کئے کا خمیازہ خود بھگتے گا۔
عجلان بن عبدالعزیز کے مطابق ترکی میں موجود سعودی سرمایہ کاروں نے رابطہ کر کے بتایا ہے کہ وہ وہاں مشکل میں ہیں اور ان کی سرمایہ کاری خطرے میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترک حکام نے سعودی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا جو عہد کیا تھا وہ اس کی پابندی نہیں کر رہے ہیں۔
ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین کے مطابق ترکی اقتصاد انحطاط کا شکار ہے۔ کرنسی کی قدر گر رہی ہے۔ افراط زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو بعض اوقات اثرو نفوذ رکھنے والے لوگ اشتعال انگیز حرکتوں سے خوفزدہ کرتے اور مختلف طریقوں سے دباو ڈالتے ہیں۔


افسوسناک واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاض ایوان تجارت نے تمام سعودی سرمایہ کاروں کو فی الوقت ترکی میں سرمایہ نہ لگانے کا مشورہ دیا ہے

عجلان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ اس قسم کا سلوک افسوس ناک ہے۔ ساتھ ہی سعودی سیاحوں کو بھی تنگ کیا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھ دھوکہ دہی ہو رہی ہے۔ جن سعودی شہریوں نے ترکی میں جائیدادیں خریدی ہوئی ہیں انہیں طرح طرح سے تنگ کیا جا رہا ہے، بعض اوقات انہیں اپنی رہائش گاہ میں جانے سے روکا جاتا ہے۔ ملکیتی دستاویزات دینے میں پس و پیش سے کام لیا جاتا ہے اور مقامی حکام شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاض ایوان تجارت نے تمام سعودی سرمایہ کاروں کو فی الوقت ترکی میں سرمایہ نہ لگانے کا مشورہ دیا ہے۔ ’ایوان تجارت سمجھتا ہے کہ فی الوقت ترکی میں سرمایہ کاری سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔ بہتر ہو گا کہ سعودی شہری ایسے برادر اور دوست ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں جہاں امن و امان کی صورتحال مستحکم اور اقتصادی حالات مضبوط ہوں۔‘
سعودی شہری سفارت خانے سے رجوع کریں
ترکی میں سعودی سفارت خانے نے بھی اپنے سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ جو لوگ جائیدادوں اور کمپنیوں کے معاملات کے سلسلے میں مشکلات سے دوچار ہوں، وہ پہلی فرصت میں سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ سفارتخانہ انہیں قانونی مشاورت فراہم کرے گا۔ جائیدادوں کے کاروبار میں معتبر کمپنیوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ترکی میں سعودی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ سعودی شہریوں خصوصاً جائیدادوں کے مالکان نے رابطے کر کے شکایات درج کرائی ہیں کہ ترک شہری انہیں ملکیتی دستاویز دینے میں تاخیر کر رہے ہیں، انہیں اپنے مکانات میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔

 ترک شہری سعودیوں کو ملکیتی دستاویز دینے میں تاخیر کر رہے ہیں
 ترک شہری سعودیوں کو ملکیتی دستاویز دینے میں تاخیر کر رہے ہیں

سعودی سفارتخانے نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے کہ ترکی میں جائیدادوں کے مالک سعودی شہری درپیش مسائل کے لیے سفارت خانے یا قونصلیٹ سے رابطہ کریں۔
سیاحت کے لیے کہاں جائیں؟
ریاض ایوان تجارت نے سیاحتی ایجنسیوں کو تحریری طور پر ہدایت دی ہے کہ ترکی کا سفر منسوخ کرنے کے خواہشمند سعودی سیاحوں کو سہولتیں فراہم کریں۔ ترکی میں سعودی سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی ہو رہی ہے لہذا انہیں ترکی کے سوا کسی بھی محفوظ اسلامی ملک کی سیاحت کے لیے معلومات اور سہولیات کی فراہمی میں تعاون کریں۔
ایوان تجارت نے سیاحتی ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ ترکی جانے والے سعودی شہریوں کو خطرات سے آگاہ کریں اور انہیں متبادل سیاحتی ممالک کی بابت آگاہی فراہم کریں۔

شیئر: