امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پرمعاہدے کا امکان موجود ہے۔
پیر کے روز ٹوکیو میں جاپان کے وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ ایران ایک معاہدہ کرنا چاہے گا اور یہ اس کی سمجھ داری کا ثبوت ہوگا اور میرے خیال میں ایسا ہونے کا امکان ہے۔‘
انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ قیادت کے ساتھ ایران کے پاس ایک عظیم ملک بننے کا ایک موقع موجود ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ’ میں اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی جوہری ہتھیار نہ ہو۔‘
رواں ماہ خلیج میں متحدہ عرب امارات کے ساحل کے پاس تیل کے ٹینکروں پر حملے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
امریکہ نے ایران پر اس حملے کا الزام لگایا تھا تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان سنیچر کو دیے گئے ان کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے تفصیلات بتائے بغیرکہا تھا کہ ایران کی جانب سے خطرات کے بارے میں امریکہ کے پاس سنجیدہ انٹیلیجنس موجود ہے۔