Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا قرضوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن کیسا ہوگا؟

پاکستان میں ڈالر کی قدر روپے کے مقابلے میں تیزی سے بڑھی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے 11 جون کی رات قوم سے خطاب میں ملک کو قرضوں میں جکڑنے کی وجوہات جاننے اور سابق حکومتوں بالخصوص گذشتہ دس سال میں کی گئی مبینہ کرپشن بے نقاب کرنے کے لیے اپنی سربراہی میں ایک اعلی اختیاراتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس کمیشن میں ایف آئی اے، ایف بی آر، آئی ایس آئی، ایس ای سی پی اور دیگر اداروں کے حکام شامل ہوں گے۔

کمیشن کس قانون کے تحت بنے گا؟

قانون دان اکرام چودھری نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں عموما انکوائری کمیشنز یا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا قیام انکوائری کمیشن ایکٹ 1956 کے تحت عمل میں لایا جاتا ہے لیکن ایسے کسی کمیشن کا نوٹیفیکیشن وزیراعظم جاری نہیں کر سکتا بلکہ کابینہ کی منظوری کے بعد حکومت پاکستان کسی بھی کمیشن کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کے ادارے موجود ہیں اور کام بھی کر رہے ہیں۔ اس لیے کسی نئے کمیشن کی گنجائش موجود نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سامنا رہتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک نے اسی سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اس حوالے سے کیا بتا سکتے ہیں کہ حکومت کون سا قانون لاگو کرے گی لیکن یہ ضرور ہے کہ عام حالات میں ایسا کوئی قانون موجود نہیں ہے اور نہ ہی ایسے کسی کمیشن کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی مرضی کے ادارے اور اپنی مرضی کے بندے لگانا چاہتی ہے۔ ’نہ پہلے اس قسم کی کوئی حکومت آئی اور نہ ہی کسی نے اپنی مرضی کے ادارے بنائے، جو ادارے پہلے موجود ہیں انھیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا اور جو لوگ انصاف کرنے والے ہیں ان کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

وزیراعظم کمیشن کے سربراہ ہوں گے؟

ماہر قانون اکرام چودھری نے کہا کہ اگر کوئی کمیشن بنتا ہے تو افریقی طرز کا ٹروتھ کمیشن نہیں ہوگا کہ جہاں سب ایک ساتھ بیٹھ کر سچ بولیں گے اور میثاق کرکے نئے سرے سے ملکی نظام کار چلانے لگ جائیں گے بلکہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کا نام لے کر کہا کہ وہ کسی کو چھوڑیں گے نہیں جس کے بعد غیر جانبدار احتساب کے بنیادی تقاضے کی نفی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کابینہ کے سربراہ ہیں اور ان کا کام پالیسی بنانا اور ملکی نظام چلانا ہے وہ قانون کے تحت تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ نہیں ہو سکتے۔‘ 
محمود بشیر ورک کا موقف تھا کہ احتساب اور انصاف کا بنیادی تقاضا غیر جانبداری ہے جس کی کسی سیاسی جماعت کے سربراہ سے اپنی مخالف سیاسی جماعت کیلیے توقع نہیں کی جا سکتی۔ یہ ون مین رول چاہتے ہیں جس کی کم از کم کسی مہذب معاشرے یا مغربی جمہوریت میں تو مثال موجود نہیں۔

وزیراعظم عمران خان غیر ملکی قرضوں میں اضافے کا الزام ماضی کی حکومتوں کو دیتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

کمیشن کا دائرہ اختیار؟

سینیئر وکیل اکرام چودھری اور سابق وزیر قانون محمود بشیر ورک دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق ان کی سربراہی میں کمیشن بن جائے تو اس کا دائرہ اختیار جو بھی ہو، اگر متاثرہ فریق عدالت چلا جائے تو آئین و قانون کی روشنی میں اعلی عدلیہ ایسے کسی کمیشن کو کالعدم قرار دے دے گی۔
اکرام چودھری نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر ایسے کسی کمیشن کے برقرار رہنے کی کوئی گنجائش ہی موجود نہیں۔

حکومت کیا کہتی ہے؟

وزیراعظم کے اعلان کردہ کمیشن کے خدوخال جاننے کے لیے اردو نیوز نے تحریک انصاف حکومت کی پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو احتساب اور ملکی قرضوں کی اصل وجوہات جاننے کے لیے وزیراعظم نے صرف اپنا ویژن دیا، اس حوالے سے کسی قانون اور تفصیلات کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’مزید مشاورت ہوگی اور طے کیا جائے گا کہ کس قانون کے تحت ایسا کمیشن بنایا جا سکتا ہے، کون کون اس کا حصہ ہونگے اورمجوزہ کمیشن کس طرح سے کام کرے گا۔‘

شیئر: