میں بہت بڑی فین ہوں عطا اللہ عیسٰی خیلوی کی۔ انہوں نے زندگی کے ہر احساس کے لئے گانا گایا ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے میچ کے اختتام پر مجھے یہ گانا یاد آیا:
دل لگایا تھا دل لگی کے لیے
بن گیا روگ زندگی کے لیے
میں کیا کہوں مطلب؟ اب کچھ کہوں گی تو گالیاں ہی پڑیں گی۔ پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف میچ دیکھتے ہوئے پاکستان میں شادی کا فنکشن یاد آ گیا۔ جیسے اچانک کھانا کھلنے پر لوگ دوڑ کے کھانے کو پڑتے ہیں، اسی سپیڈ پر ہمارے پلیئرز نے بھی اپنی وکٹیں آسٹریلیا کے ہاتھ میں دیں۔ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر ایک سو بہتر کی سپیڈ پر گرا۔ اس قدر عجیب وکٹیں گریں کہ میری اپنی ہنسی نکل گئی، اتنی بری ہوئی بیٹنگ کے ساتھ کہ میں بھی عمران خان کی طرح بول پڑی " آخر میں نے آپ کا بگاڑا کیا ہے " ؟
فخر زمان ، بابر اعظم ، امام الحق،آصف علی اور شعیب ملک ۔ یہ وہ نام ہیں جن کو عام زبان میں بیٹسمین کہتے ہیں۔ لیکن جب یہی نام پاکستانی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو یہ بیٹسمین کے علاوہ باقی سب کچھ بن جاتے ہیں، مطلب ضائع ، نالائق ، بے صبرے اور" مینوں کی "۔ جی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کا بیڑا غرق ہوتے دیکھ کر مجھے پھر سے عمران خان کی یاد آئی جنہوں نے دو دن پہلے ایک جذباتی خطاب میں کہا تھا " اب مجھے معاشی حالات کی پریشانی نہیں رہی "۔ ہمارے بیٹسمین نے بھی یہی ثابت کیا کہ ان کو بھی کوئی پریشانی نہیں رہی۔ یہ میچ ہم جیت سکتے تھے پر ہم کیوں جیتیں ؟ کون سی لٹ مچی ہوئی ہے جو ہم جیتیں ؟
میرا رونا دھونا چلتا رہے گا لیکن میچ میں ایک دو باتیں اچھی بھی ہوئیں۔ جیسے کہ عامر۔ جس طرح تحریکِ انصاف کے حامی تبدیلی کا شدت سے انتظار کرتے تھے اسی طرح میں نے محمد عامر کی پرفارمنس کا انتظار کیا تھا۔ تبدیلی تو نہیں آئی لیکن محمد عامر کا جادو واپس آ گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف 5 وکٹیں لے کر عامر نے ہر اس کھلاڑی کے ہاتھوں کی موریاں بڑی کر دی ہیں جنہوں نے ہمیشہ عامر کی بال پر کیچ چھوڑا۔ محمد عامر کی کارکردگی دیکھ کر مجھے وہ ایسا ہیرا لگے جسے میں انگوٹھی میں لگوا کر خود ہی اپنے آپ کو پرپوز کر دوں۔ اور پھر وہ انگوٹھی کبھی نہ اتاروں۔
مجھے پوری امید تھی کہ آسٹریلیا ایک ہزار دو سو پینتالیس سکور بنائے گا لیکن عامر کی تباہ کن بولنگ نے آسٹریلیا کو جلد ہی روک دیا ۔ لیکن عامر اور دوسرے بولرزکی محنت پر اصل پانی پھیرا ہمارے فیلڈرز نے۔
ہمارے فیلڈرز نے مجھے مجبور کر دیا ہے کہ میں وزیرِاعظم عمران خان سے کہوں کہ سیمنٹ کی قیمت کم کریں کیونکہ پوری ٹیم کے ہاتھوں کی موریاں بھرنی ہیں۔ فیلڈرز گراؤنڈ میں بالکل گواچی گاں کا سا گمان دیتے ہیں جیسے دیکھ کر کہہ رہے ہوں " جانا کتھے وے " عجیب حواس باختہ حالت تھی ۔ بال کو دیکھ کر عقل سمجھ سب ختم ہو جاتا ہے کہ مطلب اب بال آگئی ہے ہمارے پاس تو یا اللہ ہم اس کا کریں کیا؟ یہ ایسے ہی ہے جیسے ملک کی معاشی کمان اسد عمر کے ہاتھ دے دی ہو۔ او کچھ شرم کرلیں ، کیچ میچ جیتواتے ہیں۔ کیچز کو سوتیلی اولاد سمجھ کر دھتکارنا چھوڑیں۔
اور اب سب سے ضروری بات۔ کے ایف سی کا کھانا کتنا مزے دار ہوتا ہے نا؟ جتنا کھاؤ کم ہی لگتا ہے ، ہے نا؟ لیکن کبھی کبھار جب میل منگوایئں اور کے ایف سی والے فرائز ڈالنا بھول جائیں تو کتنا ادھورا سا احساس ہوتا ہےنا؟ اس میچ میں شاداب خان کا نہ ہونا بالکل کے ایف سی کے میل میں فرائز کا نہ ہونا ثابت ہوا ۔ ٹھیک ہے شاہین نے وکٹیں لی لیکن کافی کٹ بھی پڑی شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف کمال بالنگ کی تھی۔
اسکور بھی روکا تھا اور تھوڑے بہت رنز بھی بنائے۔ میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس وجہ کی بنا پر شاداب کو نکالا گیا۔ او بھائی شاہین کو کھلانا ہی تھا تو دامادِ ہند شعیب ملک کو باہر رکھتے جو ٹیم میں بالکل ویسے ہی ہیں جیسے کے ایف سی میں فالتو کیچپ ہوجس کو کسی نے نہیں کھانا۔
دامادِ ہند کے ساتھ ساتھ فخرزمان نے بھی انڈا دے کر مرغیوں کو چیلنج کر دیا۔ جب 7 وکٹیں گر چکی تھی تو وہاب ریاض اور کپتان سرفراز تھے پچ پر۔ وہاب ریاض نے دھواں دھار بیٹنگ کر کے ہمیں سہارا دیا لیکن بیڑا غرق ہو ری ویو کا اور اس منحوس ٹیکنا لوجی کا ناٹ آؤٹ،آؤٹ میں بدل گیا اور کچھ ہی دیر بعد میچ ختم ہو گیا۔ میں نے ابھی سوچنا ہی شروع کیا تھا آج جیتنے کی خوشی میں برگر منگواؤں گی۔ اللہ نے ادھر ہی مجھے روک کے کہا " کداں "
اس ہار کے بعد میری امید میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ اگلا میچ انڈیا کے خلاف ہے جس کی بیٹنگ ختم ہی نہیں ہوتی اور نہ ہی ہم ورلڈ کپ میں ان سے کبھی جیتے ہیں۔ میں معافی چاہتی ہوں اس مایوسی کے لیے لیکن میں منجی کتھے ڈاواں، میں کیڑے پاسے جاواں!
یہ سب کچھ ہونے کے باوجود کرکٹ اور پاکستانی ٹیم کو میں چھوڑ نہیں سکتی کیونکہ میرا اس سے رشتہ عطا اللہ عیسٰی خیلوی نے ایسے بیان کیا ہے :