Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسمبلی میں طویل ترین تقریر کس نے کیا ہے؟

وفاقی وزیر فواد چودھری نے قائد حزب اختلاف کی تقریر کو وقت اور پیسے کا ضیاع قرار دیا ہے
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی طویل تقریر سے سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری بے زار ہوگئے۔ فواد چودھری نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ انھوں نے قومی اسمبلی قواعد میں قائد حزب اختلاف کی تقریر کا دورانیہ 45 منٹ تک محدود کرنے کی ترمیم جمع کرا دی ہے۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر نے لکھا کہ ’شہباز شریف صبح سے تقریر کر رہے ہیں جس کا اختتام نظر نہیں آ رہا۔ یہ ایوان کے وقت اور قومی پیسے کا ضیاع ہے۔‘
بدھ کو پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان میں تین دن کے احتجاج اور شور شرابے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایوان کا ماحول بہتر بنانے کیلئے طے پانے والے معاہدے کے تحت قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجٹ پر باضابطہ بحث کا آغاز کیا۔
 اپوزیشن لیڈر نے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے میر تقی میر کا شعر پڑھا۔
میر کیا سادہ ہیں، بیمار ہوئے جس کے سبب
 اسی عطار کے لونڈے سے دوا لیتے ہیں

اسمبلی میں طویل ترین تقریر کا ریکارڈ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

شہباز شریف نے خطاب کے دوران مختلف چٹکلے بھی چھوڑے جن سے قومی اسمبلی کے ارکان خوب محظوظ ہوئے۔
انہوں نے رانا ثنا اللہ کے اونگھنے پر کہا ’لگتا ہے ان کو میری تقریر موسیقی لگ رہی ہے۔‘ پشاور میٹرو اور بعض دیگر منصوبوں میں بے ضابطگیوں کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے طنزاً وزیر دفاع پرویز خٹک سے ’معذرت‘ طلب کی جس پر اراکین ہنستے رہے۔
سپیکر اسد قیصر کی جانب سے تقریر مختصر کرنے کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’ابھی تو میں نے شروع کیا ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کے ارادے ظاہر کرنے والے خودکشی کریں لیکن انہوں نے عوام کو ضرور خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ ’انہوں نے کسی کو کیا گھر بنا کر دینے ہیں جو پہلے سے بنے گھر گرا رہے ہیں، سوائے بنی گالہ کے ایک گھر کے جسے ’قانونی‘ بنا دیا گیا ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’حکومت نے ابھی تک ہمارے منصوبوں کی تختیاں اکھاڑ کر اپنے نام کی تختیاں لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، احتساب صرف مخالفین کے لیے ہے، عوام دشمن بجٹ کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے۔‘
شہباز شریف کا خطاب طویل ہوا تو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے ٹویٹ کر دیا اور کہا کہ شہباز شریف کی تقریر میں کچھ بھی قابل ذکر نہیں۔ ’ان کی تقریر وقت اور پیسے کا ضیاع ہے اسی لیے انھوں نے قومی اسمبلی قواعد میں ترمیم تجویز کی ہے۔‘ 
انہوں نے قائد حزب اختلاف کی تقریر کا دورانیہ پونے گھنٹے تک محدود کرنے کی تجویز دی۔ 

سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اپنی طویل تقریر اور میڈیا بریفنگ کے لیے مشہور تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف اپی

شہباز شریف کو ٹوکتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ آپ نے ایوان میں طویل ترین بجٹ تقریر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
سپیکر کی بات پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اپنی نشست سے کھڑے ہو کر بتایا کہ ایوان میں طویل ترین تقریر کا ریکارڈ ان کا ہے ’جو 4 گھنٹے 19 منٹ ہے جبکہ شہباز شریف ابھی صرف دو گھنٹے ہی بولے ہیں۔‘
قومی اسمبلی میں طویل تقریریں کرنے والوں میں سابق قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان بھی شامل ہیں۔ 
پیپلز پارٹی کے دور میں جب بطور قائد حزب اختلاف چودھری نثار ایوان میں کھڑے ہوکر کہتے میڈم سپیکر میں طویل بات نہیں کرنا چاہتا تو پریس گیلری میں موجود صحافی ایک دوسرے سے کہتے کہ ’اب تو کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ چودھری صاحب نے بولنا ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے ہی دور میں چودھری نثار کے ایک طویل خطاب کے جواب میں اس وقت کے وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے بھی طویل خطاب کیا تھا۔ اس دوران ایوان میں نماز جمعہ کا وقفہ بھی نہ کیا جا سکا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن بھی ایوان میں طویل تقاریر کیا کرتے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی 

اس وقت کی سپیکر فہمیدہ مرزا نے قمر زمان کائرہ کو جمعہ کا وقفہ کرنے کا کہا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میڈم سپیکر ہمیں دل کے پھپھولے پھوڑنے دیں جس نے جمعہ پڑھنا ہے وہ چلا جائے۔‘
پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن بھی ایوان میں طویل تقریر کرنے کے لیے مشہور تھے اور ان کا ایک خطاب یادگار قرار دیا جاتا ہے جب اس وقت کی وزیراعظم بینظیر بھٹو، صدر فاروق لغاری سے مذاکرات کے لیے ایوان صدر گئیں اور صدر مملکت کے اسمبلی توڑنے کے خدشے کے پیش نظر وزیر داخلہ اعتزاز احسن کو اس ہدایت کے ساتھ خطاب کرنے کے لیے بھیجا کہ جب تک وہ واپس نہ آجائیں تب تک خطاب جاری رکھنا ہے۔ سینیئر صحافی بتاتے ہیں کہ بے نظیر بھٹو صدر سے ملاقات کے بعد جب واپس آئیں تو اعتزاز احسن کا خطاب جاری تھا۔

شیئر: