Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے پاس سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کا آخری موقع

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 35ویں میچ میں آج جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں دی ریور سائیڈ ڈرہم کے میدان میں مدمقابل ہوں گی۔
سری لنکا کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک چھ میچز میں سے دو میچ جیتے، دو ہارے جبکہ دو میچز میں بارش کے باعث اسے ایک ایک پوائنٹ ملا۔ اس وقت سری لنکن ٹیم کے چھ پوائنٹس ہیں۔ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے سری لنکا کو اس میچ کے علاوہ اگلے دو میچز میں بھی فتح حاصل کرنا ہوگی۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ جنوبی افریقہ نے اب تک کے اپنے سات میچز میں سے پانچ ہارے ایک جیتا اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ اب تک صرف تین پوائنٹس حاصل کر پانے کی وجہ سے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے۔
ماضی میں کس کا پلڑا بھاری رہا؟
ماضی کے ریکارڈ کو دیکھا جائے تو سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ میچز میں پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہے اور تین مرتبہ جنوبی افریقہ نے سری لنکن ٹیم کو زیر کیا جبکہ صرف ایک بار سری لنکن ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی۔
2003 کے ورلڈ کپ میں میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔

1992 کے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ دونوں ٹیموں کا ٹاکرا ہوا اور سری لنکا نے تین وکٹوں سے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ اس کے بعد 1999،2007 اور 2015 میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا۔
دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ میں شروع کے میچز میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی مگر سری لنکن ٹیم نے انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کی دوڑ میں کم بیک کیا ہے جس کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ جنوبی افریقہ کو سری لنکا سے جیتنے کے لیے بھر پور محنت کرنا ہو گی۔

شیئر: