Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی 20 سربراہ کانفرنس کا ایران اور ڈبلیو ٹی او پر موقف کیا ہوگا ؟

محمد بن سلمان سے جی 20 سربراہ کانفرنس میں ٹرمپ پرجوش انداز میں مل رہے ہیں(فوٹو:روئیٹر)
 جمعہ کو جاپانی شہر اوساکا میں جمعہ کو جی 20 سربراہ کانفرنس کا آغاز ہو گیا جس میں 20ملکوں کے سربراہ شامل ہیں ۔جاپانی وزیراعظم نے بین الاقوامی اقتصادی شرح نمو کو درپیش خطرات سے خبردار کیا ۔کانفرنس عالمی قائدین کے درمیان گہرے اختلافات کے ماحول میں ہو رہی ہے ۔ خدشہ ہے کہ یہ ابتک ہونیوالی کانفرنسوں میں سب سے زیادہ متنازعہ ثابت ہو گی ۔ 
جی20میں سعودی وفد کی قیادت ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کر رہے ہیں ۔پروگرام کے مطابق وہ ہفتے کو امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ ، روسی صدر ولادیمیر پوٹین اور برطانوی وزیراعظم ٹریزامے سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے ۔وہ خطے کے تازہ حالات اور تیل کی مستحکم ترسیل کیلئے صرف کی جانیوالی کوششوں پر تبادلہ خیال کرینگے ۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹین برطانوی وزیراعظم ٹریزامے سے مصافحہ کر رہے ہیں

جی20کا اعلامیہ نہایت اہم ہوگا ۔ ایران ، شمالی کوریا ، ایٹمی اسلحہ، ڈبلیو ٹی او ، یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی اور ماحولیات جیسے موضوعات پر اہم فیصلوں کی توقعات کی جا رہی ہیں۔
جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے عالمی برادری کے درمیان خوبصورت ہم آہنگی کی امید ظاہر کی ۔اس موقع پران کے ایک طرف چینی صدر اور دوسری جانب امریکی صدر موجود تھے ۔دونوں کے درمیان تجارتی جنگ نقطہ عروج کو پہنچی ہوئی ہے ۔برطانوی وزیراعظم نے محاذ آرائی پر توجہ مبذول کرنے کی بجائے قدرِمشترک پر اتفاق رائے کا مشورہ دیا ۔
امریکی صدر نے گزشتہ دنوں اشتعال انگیز بیانات کے بعد پہلی بار مصالحت آمیز رویہ اپنایا اور بڑی حد تک دوستانہ فضا قائم کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے امریکہ میں جاپانی کارسازوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی فیکٹریوں کو شاندار قرار دیا۔اس سے قبل وہ جاپان پر تنقید کر چکے تھے ۔انہوں نے کہاتھا کہ جاپان فوجی امور میں امریکہ پر مکمل انحصار کئے ہوئے ہے ۔
امریکی صدر نے انڈیا کے ساتھ مفاہمت کی بھی خواہش ظاہر کی جبکہ اس سے قبل وہ بھارت کی تجارتی پالیسی پر نکتہ چینی کر چکے تھے ۔
روسی صدر پوٹین نے برطانوی جریدے فنانشل ٹائمزکو انٹرویو دیتے ہوئے مغربی جمہوریتوں کے ترقی یافتہ لبرل افکار پر نکتہ چینی کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب اس قسم کے افکار کا زمانہ لدچکا ہے ۔
یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹوسک نے اس کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آمریت، فرد کی پرستش اور چند افراد کی حکمرانی کا دورختم ہوا ہے ، لبرل افکار کا نہیں ‘۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعہ کو اوساکا میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی منفرد دوستی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طور طریقوں کا جائزہ لیا ۔
جی 20کی جھلکیاں



جی 20سربراہوں کی بیگمات کے گروپ فوٹو نے ہلچل مچا دی اس میںصرف ایک مرد نظر آرہا تھا جسے دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا گیا ،توجہ سے دیکھا گیا تو پتہ چلا کہ وہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے 61سالہ شوہر فلپملے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے پوٹین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں مداخلت نہ کرنا۔
فرانسیسی صدر نے مغربی جمہوریت کے افکار کی مخالفت روسی صدر پوٹین پر نکتہ چینی کی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں بنی نوع انسان کو دینے کیلئے بہت کچھ ہے ۔
برطانوی وزیراعظم نے پوٹین سے کہا کہ استحکام متزلزل کرنیوالی سرگرمیاں بند کر دیں ۔
محمد بن سلمان سے بھارتی وزیراعظم مودی کی پرجوش ملاقات اور گلے ملنے پر سعودی شہریوں نے ٹویٹر پر زبردست تبصرے کئے اور غیر معمولی پذیرائی کا مظاہرہ کیا۔
جاپانی وزیراعظم نے جی 20میں شریک قائدین کو جاپان کے مشہور ترین قلعے اوساکا محل کے باغ میں استقبالیہ دیا ، یہ جاپان کا مشہور ترین قلعہ ہے ، 1583ء میں تعمیر ہوا تھا ۔ یہ 60ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے ۔ 3مرتبہ منہدم ہوکر ازسرِ نو تعمیر کیا گیا۔
 

شیئر: