Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر 3ہزار درہم جرمانہ

متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر 3ہزار درہم تک کا جرمانہ ہوگا اور 30دن تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں ہوگی۔
الامارات الیوم اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک قانون کے بموجب ایمرجنسی گاڑیوں ، ایمبولینس، پولیس اور سرکاری جلوس کی گاڑیوں کو ترجیحی بنیاد پر راستہ دینا ضروری ہے۔ راستہ نہ دینے پر 3ہزار درہم جرمانہ اور 30دن تک گاڑی سرکاری تحویل میں ہوگی۔6ٹریفک پوائنٹ بھی کٹ جائیں گے۔ اس قانون پر عمل درآمد یکم جولائی 2019سے کردیا جائیگا۔
اماراتی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس پابندی کا مقصد ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانا ، روڈ سیکیورٹی کو منظم کرنا ، ٹریفک حادثات سے شہریوں کو بچانا ہے۔

وزارت داخلہ نے امارات کے باشندوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک نظام کی پابندی کریں۔ ایمرجنسی گاڑیوں کو پہلی فرصت میں راستہ فراہم کرنے کا اہتمام کریں۔ تاخیر سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ ایمبولینس وقت پر نہ پہنچے تو ایسی صورت میں زخمی کی جان تک چلی جاتی ہے۔
 دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ایک ریاست عجمان پولیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جولائی سے ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں 50فیصد رعایت دینا شروع کرے گی۔ یہ فیصلہ روا داری سال منانے کے ضمن میں کیا گیا ہے۔
عجمان پولیس نے رواں سال کے دوران اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر کسی ڈرائیور نے 2019ءکے دوران 6ماہ تک کوئی ٹریفک خلاف ورزی نہ کی ہو تو ایسی صورت میںاسے ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے میں 50فیصد رعایت دی جائے گی۔یہ رعایت گزشتہ خلاف ورزیوں پر لاگو ہوگی۔ٹریفک نظام کی پابندی کی صورت میں نہ صرف یہ کہ جرمانے کے حوالے سے رعایت ہوگی بلکہ گاڑیوں کو تحویل میں لینے کے سلسلے میں بھی سہولت مہیا کی جائے گی۔

شیئر: