Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کترینہ کا مشورہ، دیپکا کا کیک اور ہما قریشی کی ہالی وڈ اُڑان

بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ  نے اپنے یوم پیدائش کے موقعے پر جہاں انڈین کرکٹ پر مبنی اپنی فلم ’83‘ کا پہلا لک جاری کیا وہیں ان کی اہلیہ اور اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے ان کے لیے جو کیک کی تصویر پوسٹ کی وہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی۔
گذشتہ دنوں رنویر سنگھ نے لندن میں اپنا 34 واں یوم پیدائش منایا جہاں وہ ان دنوں فلم '83‘ کی شوٹنگ میں مشغول ہیں۔ اس موقع  پر جاری ان کی پہلی جھلک کو لوگوں نے سراہا اور یہاں تک کہا کہ انڈیا کے سابق کپتان کپل دیو سے ان کی حیرت انگيز مماثلت نظر آئی۔
یاد رہے کہ اس فلم میں رنویر سنگھ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں ان کی اہلیہ دیپکا رومی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
دیپکا نے اس موقعے پر جو کیک کی تصویر شئیرکی اس کے رنگوں کو دیکھ  کر ان کے مداحوں نے اسے پرائڈ (ہم جنس پرستوں) کے مہینے سے ہم آہنگ قرار دیا جبکہ بعض نے اسے رنویر سنگھ کی رنگا رنگ شخصیت کا آئینہ دار کہا۔
اسی دوران انڈیا کے سابق کپتان کپل دیو کی بھی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ کپل پر بھی رنویر کے اثرات نظر آنے لگے ہیں۔

فلم ’83‘ میں رنویر سنگھ کپل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تصویر ٹوئٹر

اس سے قبل ممبئی ایئرپورٹ پر جب فوٹوگرافر بھاگ بھاگ کر دیپکا کی تصاویر لے رہے تھے تو مبینہ طور پر دیپکا نے ایک فوٹوگرافر سے کہا کہ 'آجا گاڑی میں بیٹھ جا' جس پر میڈیا میں یہ کہا گیا کہ یہ انداز رنویر سنگھ  کا ہے جس کے اثرات دیپکا پر بھی نظر آنے لگے ہیں۔

کترینہ کیف کا اپنی بہن ایزابیل کو مشورہ

'شیلا کی جوانی' جیسے آئٹم سونگ پر رقص کرنے والی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی بہن ایزابیل کو بالی وڈ کے بارے میں چند مشورے دیے ہیں۔
ان کی بہن ایزابیل فلم 'ٹائم ٹو ڈانس' سے بالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں۔ پنک ولا ڈاٹ کام کے مطابق جب فلم ’بھارت‘ کی اداکارہ کترینہ کیف سے پوچھا گیا کہ وہ پہلی فلم سے قبل اپنی بہن کو کیا مشورہ دیں گی تو انھوں نے کہا کہ 'میں ہمیشہ اپنی بہن کو کہتی ہوں کہ خواہ تم ہدایت کار ہو یا پھر اداکار ہو۔ تمہیں اس انڈسٹری میں رہنا ہے تو تمہارے اعصاب سٹیل کے ہونے چاہئیں کیونکہ یہ بہت آسان نہیں ہے۔'
کترینہ کیف کو بالی وڈ میں آئے 15 برس سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان کے پاس کامیاب فلموں کی ایک فہرست ہے ایسے میں ان کے مشورے خاصی اہمیت کے حامل ہیں۔

کترینہ کیف کی بہن ایزابیل فلم 'ٹائم ٹو ڈانس' سے بالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں، تصویر ٹوئٹر

انھوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بہن کو کہتی ہیں کہ کسی کی تقلید نہ کرو۔ 'اس بات کا خاص خیال رہے کہ آپ وہی کرو جو آپ کرنا چاہتی ہو۔ کسی کو مثال کے طور پر لے کر اس کے نقش قدم پر نہ چلو۔ اپنی آواز سننے کی کوشش کرو۔'
ان مشوروں سے بظاہر یہی نظر آ رہا ہے کہ وہ یہ نہیں چاہتیں کہ ان کی بہن ان کے نقش قدم پر چلیں بلکہ وہ یہ چاہتی ہیں کہ وہ اپنی منفرد پہچان بنائیں۔

ہالی وڈ کے لیے ایک اور اداکارہ تیار

انڈیا سے ہالی وڈ جانے کا سلسلہ مزید آگے بڑھتا نظر آ رہا ہے۔ اب ’گینگز آف واسع پور‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ہما قریشی اس راہ پر چل پڑی ہیں۔
ہما قریشی نے کاسموپولیٹن انڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ 'میں آپ کو فلم یا میرے اپنے کردار کے بارے میں زیادہ نہیں بتا سکوں گی لیکن میں اس فلم کے لیے بہت پرجوش ہوں اور میں فلم کی شوٹنگ کے لیے بے تاب ہوں۔'
بہرحال انھوں نے بتایا کہ وہ زیک سینڈر کی فلم 'آرمی آف دی ڈیڈ' میں اہم کردار نبھا رہی ہیں اور یہ فلم بڑی زومبی فلم کہی جا رہی ہے۔

فلم سٹار ہما قریشی ہالی وڈ کی فلم ’آرمی آف دی ڈیڈ' میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ہما قریشی نے نصیرالدین شاہ اور ارشد وارثی کے ساتھ فلم 'ڈیڑھ عشقیہ' کے علاوہ فلم 'ایک تھی ڈائن' میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
رواں سال ان کا یادگار سال کہا جا سکتا ہے جب انھوں نے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی اور نیٹ فلیکس کی اوریجنل سیریز 'لیلیٰ' میں اہم کردار نبھایا جس کی بہت تعریف کی جا رہی ہے۔
جب ہما سے پوچھا گیا کہ زومبی پر مبنی فلم کے لیے کیا وہ کوئی تربیت حاصل کر رہی ہیں تو ہما نے کہا کہ 'میں بہت فطری غیر شعوری اداکارہ ہوں، میں جلتی بجھتی رہتی ہوں۔ میں میتھڈ ایکٹر نہیں ہوں۔ مجھے میتھڈ ایکٹنگ کے نام سے نفرت ہے۔ یہ بہت ہی زیادہ استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے۔ میں لوگوں سے جبلی سطح پر ملتی ہوں اور اسی لیے میں خود کو ہدایت کار کی اداکارہ کہتی ہوں۔'
بہر حال اس کے بعد انھوں نے کہا کہ 'ہر کردار کے لیے مخصوص قسم کی تیاری کی ضرورت ہوتی ہے اور میں بہت زیادہ تیاری کرتی ہوں لیکن ایک بار جب میں سیٹ پر ہوتی ہوں تو میں روانی کے ساتھ جاتی ہوں۔‘

شیئر: