سعودی عرب میں میڈیکل انشورنس کا رڈ کی جگہ موبائل ایپ
ہفتہ 20 جولائی 2019 23:07
پہلا مرحلہ 2019 کے اختتام تک مکمل کر لیا جائےگا
سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے مملکت میں میڈیکل انشورنس کارڈ ز کی پرنٹنگ مرحلہ وار بنیاد پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ راویتی میڈیکل انشورنس کا رڈ کی جگہ اسمارٹ موبائل ایپ استعمال ہوگی ۔
مکہ اخبار کے مطابق پہلے مرحلے میں ایگزیکیٹو، گریڈ اے اور بی کلاس کے کارڈز کی پرنٹنگ ختم کی جائے گی دوسرے مرحلے میں سی کلاس کے کارڈز کو ڈیجیٹل کیاجائے گا ۔ پہلا مرحلہ 2019 کے اختتام تک مکمل کر لیا جائےگا ۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کارڈز کی پرنٹنگ ختم کرنے کےلئے متعلقہ کمپنیوں کی رضا مندی لازمی ہو گی جس کے بعد مرحلہ وار مختلف کیٹگریز کے کارڈز کو ڈیجیٹل کیجائے گا ۔
کونسل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ میڈیکل انشورنس کی سہولت کےلئے لازمی ہو گا کہ وہ طبی ادارے کو اپنا شناختی کارڈ فراہم کریں ۔ جس کے نام کارڈ جاری کیا گیا ہو طبی سہولت اسی کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرانا ادارے کی ذمہ داری ہو گی ۔ انشورنس کمپنیوں کی جانب سے ایسی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ طبی ادارے فرضی علاج کرکے کلیم داخل کرتے ہیں جس کے تدارک کےلئے ڈیجیٹل کارڈز متعارف کرائے جارہے ہیں تاکہ جعل سازی کی روک تھا م کی جاسکے ۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں اس وقت ایک کروڑ ، 12 لاکھ 15 ہزار 197 افراد کو میڈیکل انشورنس کی سہولت حاصل ہے ۔ لائسنس یافتہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کی تعداد 26 ہے ۔ میڈیکل انشورنس کی جانب سے مملکت میں منظور شدہ طبی اداروں کی تعداد 5 ہزار 202 ہے ۔
مملکت میں لازمی میڈیکل انشورنس قانون
سعودی عرب میں لازمی میڈیکل انشورنس کا قانون گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نافذ ہے جس کے تحت مملکت میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو لازمی طبی سہولت فراہم کرنے کےلئے انشورنس کمپنیو ں کی خدمت حاصل کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کو طبی سہولت فراہم کریں ۔
سعودی عرب میں لازمی میڈیکل اسکیم کو مقامی ادارے جوازات سے مربوط کیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی غیر ملکی کارکن کا اقامہ ( رہائشی پرمٹ ) اس وقت تک تجدید نہیں ہوسکتا جب تک میڈیکل انشورنس کارڈ جاری نہ کیا جائے ۔ میڈیکل انشورنس کارڈ کے اجراءکے بعداقامے کی تجدید ممکن ہو تی ہے ۔
گزشتہ برس سے وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لئے بھی لازمی میڈیکل انشورنس اسکیم متعارف کروائی گئی ہے جس کے بغیر وزٹ ویزے پر سعودی عرب آنے والوں کا ویزا اسٹیمپ نہیں کرایا جاسکتا ۔