سعودی عرب نے سرکاری ملازمین کے لیے عید الاضحی کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت شہری خدمات نے اعلامیہ جاری کر کے بتایا ہے کہ سرکاری دفاتر میں چھ اگست، منگل سے عید الاضحی کی چھٹیاں شروع ہوں گی۔
ڈیوٹی کا آخری دن پیر پانچ اگست ہو گا۔عید الاضحی کے بعد سرکاری دفاتر 18اگست اتوار کو کھلیں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امسال عید الاضحی کی چھٹی 12 دن کی ہو گی۔
وزارت شہری خدمات نے چھٹی کی اطلاع ملازمین کی جانب سے وزارت کی ویب سائٹ پر سوالات کی بھرمار کے بعد جاری کی۔
سعودی عرب میں دو بڑے تہوار عید الفطر اور عید الاضحی نہایت اہتمام کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ ان دونوں موقعوں پر کبھی کبھی چھٹیاں لمبی ہو جاتی ہیں۔
سعودی قانون کے مطابق اگر عید الفطر یا عید الاضحی کی چھٹی کے درمیان کوئی ورکنگ ڈے آجاتا ہے تو ایسی صورت میں چھٹیاں بڑھ جاتی ہیں۔
مثال کے طور پر اگر چھٹیاں بدھ کو ختم ہو رہی ہوں تو ایسی حالت میں جمعرات کو چھٹی میں شامل کر دیا جاتا ہے اس طرح سرکاری ملازمین کو مزید تین دن مل جاتے ہیں۔
ایسے ہی اگرچھٹیاں پیر کو شروع ہو رہی ہوں تو اتوار کو چھٹی میں شامل کر دیا جاتا ہے ۔اس طرح شروعات میں تین دن خودکار نظام کے تحت شامل ہو جاتے ہیں۔