Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون بارشیں: سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کا خدشہ

کراچی،ٹھٹھہ،میرپورخاص،قلات،سبی،ژوب ڈویژن میں سیلاب کا خدشہ ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل تک ملک کے جنوبی حصوں سندھ اور بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ مون سون بارشوں کا یہ سسٹم تاحال ملک کے بالائی حصوں میں فعال ہے لیکن اتوار سے یہ سسٹم ملک کے جنوبی حصوں میں پھیل جائے گا جس سے زیریں سندھ کے مختلف حصوں کراچی،ٹھٹھہ، میرپور خاص جبکہ بلوچستان میں قلات،سبی اور ژوب ڈویژن میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس سے پہلے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ 25 سے 27 جولائی تک دریائے سندھ، چناب اور جہلم کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں، جن سے ان دریاؤں کے اطراف نشیبی علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔

مون سون بارشوں کا یہ سسٹم  اتوار سے ملک کے جنوبی حصوں میں پھیل جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت کہاں کہاں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے؟

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ میٹرولوجسٹ رقیہ محمود نے بتایا کہ ’اس وقت ملک کے بالائی علاقے اپر پنجاب، اپر خیبرپختونخواہ، کشمیراور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں سے متاثر ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ‘لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی،سرگودھا، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور ڈویژن، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں 27 جولائی تک کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔‘

ملک کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)

رقیہ محمود نے بتایا کہ’ملک کے بالائی علاقوں میں موجود بارشوں کا سسٹم اتوار کو وسطی اور جنوبی حصوں میں پھیل جائے گا، ہوا کا کم دباؤ اتوار کے روز راجستھان انڈیا پر بنے گا جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشیں ہوں گی۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مون سون کی بارشیں سیلابی صورتحال بھی اختیار کرسکتی ہیں۔

سندھ اور بلوچستان میں مون سون بارشیں سیلابی صورتحال اختیار کرسکتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’ملک کے کسی حصے میں سیلابی صورتحال نہیں‘

اردو نیوز نے یہ جاننے کے لیے کہ اس وقت ملک کے کن حصوں میں سیلابی صورتحال ہے، میٹ آفس کے سیلابی صورتحال پر نظر رکھنے والے  سیکشن سے رابطہ کیا  تو میٹرولوجسٹ اختر محمود نے بتایا کہ ’ اس وقت کہیں بھی سیلابی صورتحال نہیں، سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب نہیں البتہ دریائے کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔‘
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

شیئر: