Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر ابلاغ کی اسپیکر قومی اسمبلی، آرمی چیف سے ملاقات

سعودی وزیر برائے ابلاغ نے چار رکنی وفد کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ فوٹو: قومی اسمبلی
سعودی عرب کے وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی عبداللہ نے دورہ پاکستان کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی سلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ 
سعودی وزیر نے بدھ کو چار رکنی وفد کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے قومی اسمبلی میں ان کے چیمبر میں، جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آرمی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔  
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ دوستی پر فخر ہےاور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ملکی اورعوامی سطح کے ہیں جو مذہب، بھائی چارے اور عقیدت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں۔

سعودی وزیر برائے ابلاغ ترکی عبداللہ نے مشیر دفاع کے ہمراہ آرمی چیف سے ملاقات کی۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کے ابلاغ عامہ کے وزیر ترکی عبداللہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنا نے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہ اور ولی عہد نے ہمیشہ پاکستان  کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دی ہے اور وہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر مشکل میں اپنے پاکستان بھائیوں کے ساتھ  شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کے دوران سعودی وزیر برائے ابلاغ عامہ کے ہمراہ سعودی وزیر دفاع کے مشیر میجر جنرل طلال عبداللہ بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کی دفاعی شعبے میں تعاون کی تاریخ ہے جس کی پاکستان کے نزدیک بہت اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج ہر شعبے میں سعودی افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔ 
آرمی چیف نے شہزادہ بندر بن عبدالعزیز کی وفات پر بھی تعزیت کی۔  

شیئر: