Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیتابھ بچن کی ایک سال میں ’دوسری سالگرہ‘

ابھیشیک بچن نے اپنے انسٹاگرام کے پیغام میں اپنے والد کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اگست کی دو تاریخ کو انڈین فلم انڈسٹری کے کنگ امیتابھ بچن کی دوسری سالگرہ کہا جاتا ہے کیونکہ اس دن ان کو ایک فلم کے دوران ہونے والے حادثے کے بعد نئی زندگی ملی تھی۔
اسی تناظر میں اس بار جمعہ دو اگست کو ان کے صاحبزادے اور بولی وڈ کے اداکار ابھیشیک بچن نے اس وقت کی ایک تصویر انسٹاگرام پر لگائی ہے جس میں انہیں، ان کی بہن اور والد کو ہسپتال میں دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ 26 جولائی 1982 کی تصیویر ہے جب امیتابھ بچن فلم ’قلی‘ کی بینگلور میں شوٹنگ کر رہے تھے کہ ایک ایکشین سین کے دوران وہ خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے۔ اس کے بعد انہیں علاج کے لیے ممبئی لے جایا گیا جہاں انہیں بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
کئی سرجریوں کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں طبی طور پر مردہ قرار دے دیا تھا لیکن دل میں ایک انجیکشن لگنے کے بعد ان کے طبعیت بحال ہوئی اور 2 اگست کو وہ زندگی کی طرف لوٹنے لگے۔
ابھیشیک بچن نے اپنے انسٹاگرام کے پیغام میں اس واقعہ کا ذکر کیا ہے اور اپنے والد کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی ہے۔  انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اصلی لیجنڈ دو بار پیدا ہوتے ہیں۔‘


امیتابھ بچن کی فلم قلی نومبر 1983 میں رلیز ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

ابھیشیک کی پوسٹ پت تبصرہ کرتے ہوئے ایک پاکستانی صارف مہوش نامی ایک صارف نے ابھیشیک بچن کے پوسٹ پر لکھا ہے کہ انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے بارے میں اپنے بھائی اور والدہ سے سنا ہے کیونکہ وہ اس وقت پیدا نہیں ہوئیں تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ اور بھائی بتاتے ہیں کہ وہ لوگ حادثے کا سن کر نہایت یہ افسردہ ہوئے تھے کیونکہ ان کے گھر میں سب امیتابھ بچن کی فلمیں بہت شوق سے دیکھتے تھے اور گھر میں ان کا بہت ذکر بھی ہوتا ہے۔ مہوش نے ابھیشیک کو ان کے والد کے لیے اچھی صحت کی دعا دی۔

امیتابھ بچن نے بھی اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر اس دن کے حوالے سے لکھا ہے کہ بہت سے لوگ اس دن کو پیار اور عزت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو خوش نصیب تصور کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ لوگوں کا پیار اور دعائیں ہیں۔ ’یہ ایک قرض ہے جو میں کبھی ادا نہیں کر سکوں گا۔‘
امیتابھ بچن کی فلم قلی نومبر 1983 میں رلیز ہوئی اور اس کا شمار اس وقت کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

شیئر: