Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلی بار یورپی حاجیوں کے لیے گھریلو کھانا 

ادارہ معلمین اس سال پہلی بار یورپی حجاج کو گھر کا کھانا پیش کرے گا۔ فوٹو بشکریہ عکاظ اخبار
سعودی عرب کے نجی ادارے حج پرآنے والوں کو دی جانے والی سہولتوں کے معیار میں مسلسل بہتری لانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں ترکی، یورپی ممالک، امریکی اور آسٹریلین حجاج کا ادارہ معلمین اس سال پہلی بار ’مزدلفہ‘ کے مقام پر گھر کا تیارکردہ کھانا حجاج کو پیش کرے گا۔
عکاظ اخبار کے مطابق یورپی حاجیوں کے لیے گھریلو کھانے کا انتظام گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کے اس سلوگن کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے جس کا اعلان انہوں نے مکہ کلچرل فورم کے موقع پر کیا تھا۔ انہوں نے سلوگن دیا تھا ’ہم مثالی نمونہ کیسے بنیں ؟‘

اس پروگرام میں 60 سعودی خاندان شریک ہوں گے اور چالیس فوڈ ٹرک یہ سروس مہیا کریں گے۔ فوٹو بشکریہ عکاظ اخبار

ترکی، امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے حج پر آنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے کے ایک معلم ڈاکٹر محمد زواوی نے گھریلو کھانے کی تجویز پیش کی تھی۔ ادارے کے دیگر منتظمین نے اس پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر محمد زواوی کے مطابق حج مقامات میں سے مزدلفہ واحد مقام ہے جہاں حجاج کرام کو کھانے پینے کی اشیاء حاصل کرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ حجاج میدان عرفات سے مغرب کے بعد روانہ ہو کر مزدلفہ پہنچتے ہیں۔ کبھی کبھی حاجیوں کے قافلے بھی لیٹ ہو جاتے ہیں اور کھانے پینے کا سامان میسر نہیں آتا۔
ڈاکٹر زواوی نے تجویر کیا کہ مزدلفہ میں اپنے حاجیوں کو واجبی لاگت پرتازہ کھانا پیش کیا جائے۔ اس سے قبل یورپی معلمین کا ادارہ انہیں سفری کھانا مفت فراہم کر رہا تھا جو حاجی حضرات کو کم ہی پسند آتا تھا۔ 

گھر میں بنا ہوا کھانا مزدلفہ کے مقام پر میسر کیا جائے گا جہاں حجاج کرام کو کھانے پینے کی اشیاء حاصل کرنے میں اکثر دشواری پیش آتی ہے۔ فوٹو بشکریہ عکاظ اخبار

ادارہ معلمین کے ایک رکن ڈاکٹر سمیر توکل نے عکاظ اخبار کو بتایا کہ تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایسے خاندانوں سے رابطہ کیا گیا جو گھروں میں کھانے تیار کرتے ہیں۔ اس سے ان کو بھی فائدہ ہوگا اور حاجی حضرات کو بھی گرما گرم کھانا میسر آجائے گا۔ کھانا پیش کرنے کے لیے ’فوڈٹرک‘ کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس پروگرام میں 60 سعودی خاندان شریک ہوں گے جن میں سے بیشتر کا تعلق مکہ مکرمہ سے ہے۔ ایک سعودی خاندان 100حاجیوں کا کھانا تیار کرے گی اور چالیس فوڈ ٹرک یہ سروس مہیا کریں گے۔

شیئر: