Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں عید الاضحیٰ جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

وزیر اعظم عمران خان نے نماز عید بنی گالہ کی مسجد میں ادا کی، تصویر: فیس بک
پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کورضائے الٰہی کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام اورحضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و فرمانبرداری کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قربانی کا جذبہ کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے کیونکہ یہ جذبہ انسان کو کسی بھی طرح کی آزمائش اورسخت حالات میں ثابت قدم اور باہمت رہنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور میری دعا ہے کہ آپ کی زندگی میں ایسے مواقع بار بار آتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی دور سے گزر رہا ہے اور قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہو گا۔

صدر عارف علوی اور اسپیکر اسد قیصر نے نماز عید اسلام آباد میں ادا کی

دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے کے دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی جامع مسجد میں نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکا مسئلہ بین الاقوامی نوعیت کا ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہیں۔
شاہ محمود قریشی کے ہمراہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے بھی نماز عید ادا کی۔
دریں اثنائ پاکستان میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منائی جا رہی ہے ۔ ملک بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں۔دار الحکومت اسلام آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔
مختلف شہروں کی عیدگاہوں، مساجد اور میدانوں میں نماز عیدادا کی گئی جبکہ خطیبوں نے ملکی ترقی اور سلامتی کے ساتھ ساتھ  کشمیر  کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
پاکستان میں موسلادھاربارش کی وجہ سے شہریوں کو نماز عید کی ادائیگی اور جانوروں کی قربانی میں مشکلات کا سامنا ہے اور اکثر مقامات پر عید گاہوں میں پانی بھر جانے کے سبب مساجد کے اندر ہی عید کی نماز ادا کی گئی۔

شیئر: