Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا دیپکا والدہ اور رنویر سنگھ والد بننے والے ہیں؟

بالی وڈ میں ’پاور کپل‘ کے نام سے مشہور دیپیکا اور رنویر کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کیا بالی وڈ کی خوبصورت اداکارہ دیپکا پاڈوکون ماں بننے والی ہیں؟ اس کے متعلق سوشل میڈیا پر جہاں ان کی تصویریں جاری کی جا رہی ہیں اور ان کے ڈھیلے ڈھالے لباس کا ذکر کیا جا رہا ہے وہیں ’بے بی بمپ‘ کا ذکر بھی ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ دس دن قبل جب دیپکا پاڈوکون کے شوہر اور اداکار رنویر سنگھ نے اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک لائیو چیٹ شروع کی تو اس میں ان کی اہلیہ دیپکا بھی شامل ہو گئیں اور انھوں نے 'ہائے ڈیڈی' سے انھیں مخاطب کیا۔ ساتھ میں دل اور بچے کی ایموجی بھی ڈال دی جس کے بعد ان کے ماں بننے کی قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگيں۔
اس کے بعد سے اس جوڑے نے اس بارے میں بات نہیں کی ہے۔ گذشتہ دو روز سے چند تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جس میں ان کے لباس اور ان کے بے بی بمپ یعنی نکلے ہوئے پیٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دیپکا والدہ اور رنویر سنگھ والد بننے والے ہیں۔

کیا دیپیکا کے ماں بننے سے ان کے فلمی کیرئیر پر کوئی اثر پڑے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

انڈین میڈیا میں یہ بات بھی گردش کر رہی ہے کہ دیپکا کوئی نئی فلم سائن نہیں کر رہی ہیں اور ان کے پاس ابھی صرف رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’83‘ ہے جو کہ انڈیا کے 1983 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتے پر مبنی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ایک فلم 'چھپاک' بھی آنے والی ہے جس میں وہ تیزاب حملے سے متاثرہ لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اسے معروف فلم ساز میگھنا گلزار ڈائریکٹ کر رہی ہیں۔
اس سے قبل مئی کے اوائل میں میٹ گالا کے دوران پرینکا چوپڑہ اور نک جوناس کے ساتھ ان کی ایک تصویر کو شیئر کرتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ’وہ ابھی ماں کیوں بنیں گی؟ اور کوئی کام نہیں ہے کیا؟وہ اپنے کیریئر کی بلندی پر ہیں۔ بچہ چار پانچ سال بعد پیدا ہو سکتا ہے۔‘
ایک ٹوئٹر صارف نے تو دیپکا اور رنویر کو ٹیگ کرکے براہ راست سوال پوچھ لیا ’حاملہ ہو کیا؟‘ اس وقت دیپکا اور رنویر نے کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر بچے کی پیدائش کے بارے میں سوچيں گے۔

کرینہ کے جلوے

دوسری جانب اپنے بیٹے تیمور کو کسی ٹرافی کی طرح لے کر چلنے والی کترینہ کپور خان نے حال ہی میں لیکمے فیشن ویک میں اپنے انداز میں شرکت کی۔
ونٹر کلیکشن کے فینالے میں کرینہ کپور نے ڈیزائنر گوری اور کنیکا کے سیاہ لباس میں اپنے حسن کا جادو بکھیرا۔

کرینہ کپور نے ممبئی میں ہونے والے لیکمے فیشن ویک میں  ڈیزائنر گوری اور کنیکا کا سیاہ لباس پہنا۔ فوٹو: اے ایف پی

کرینہ کپور نے فیشن ویک کے آخری دن پیر کو فیشن شو میں شرکت کی جبکہ ان سے ایک دن قبل بالی وڈ کی 'کوئن' اداکارہ کنگنا راناوت بھی ریمپ پر ڈیزائنر دیشا پٹیل کے تیار کردہ لباس میں نظر آئیں۔
اداکارہ اور فٹنس دیوا شلپا شیٹی بھی اس موقعے پر اپنے انداز میں نظر آئیں۔ انھوں نے لہنگا اور مرر ورک والی چولی پہن رکھی تھی۔
اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا، جو اب اداکار رتیش دیش مکھ سے شادی کر کے جینیلیا دیش مکھ بن چکی ہیں، نے پانچ سال بعد ریمپ پر واپسی کی۔ انھوں نے سروج جالان کا تیار کردہ لباس زیب تن کر رکھا تھا۔

اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے پانچ سال بعد ریمپ پر واپسی کی۔ فوٹو: اے ایف پی

اس موقعے پر سوحہ علی خان اور شبانہ اعظمی اور فرحان اختر بھی ریمپ پر نظر آئے۔
بالی وڈ کی آئٹم گرل ملائیکہ اروڑہ نے سنیچر کو ڈیزائنر دویہ راجویر کے ڈیزائن کی نمائش کی۔
لیکمے فیشن ویک ممبئی میں منعقد ہوا اور اتوار کو کرینہ کپور کی نمائش کے بعد یہ اختتام کو پہنچا۔

عید پر سلمان کے بجائے اکشے!

بالی وڈ کے دبنگ یعنی سلمان خان کو فلم انڈسٹری میں آئے 31 سال ہو چکے ہیں۔ لیکن عید پر ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’انشاءاللہ‘ کی ریلیز کی تاریخ ملتوی ہو گئی ہے۔ انھوں نے پیر کو یہ اعلان کیا کہ سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ ان کی فلم اب عید پر ریلیز نہیں ہوگی۔
اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ عالیہ بھٹ اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے خبر دی ہے کہ عید کے موقعے پر اکشے کمار اور کیارا اڈوانی کی فلم ’لکشمی بم‘ ریلیز ہو رہی ہے۔

اکشے کمار سو سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے ہیں اور اپنی کیرئیر کے دوران متعدد ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اکشے کمار ان دنوں اپنی قسمت کے گھوڑے پر سوار یکے بعد دیگرے ہٹ فلمیں دے رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں فوربز نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے جن 100 اداکاروں کی فہرست جاری کی اس میں اکشے کمار بالی وڈ کے واحد اداکار تھے جو اس فہرست میں شامل تھے اور وہ بھی چوتھے نمبر پر نظر آئے۔
راگھو لارینس کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’لکشمی بم‘ آئندہ سال 22 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم تمل زبان کی ہارر فلم ’کنچنا‘ کا ہندی روپ ہے۔

شیئر: