سلمان خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1988 میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا۔(فوٹو: اے ایف پی)
نٹ کھٹ، چلبلا تو کبھی شرمیلا انداز۔۔۔ یہ ہے بالی وڈ کے سلّو بھائی کی پہچان۔
جنہیں بالی وڈ پر راج کرتے 31 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
انڈین اخبار ’ٹائمزآف انڈیا‘ کے مطابق بالی وڈ کے دبنگ خان نے 26 اگست سنہ 1988 میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ میں سپورٹنگ رول کرکے فلم نگری میں قدم رکھا۔
جس کے بعد انہوں نے ’میں نے پیار کیا‘ میں پریم کا کردار ادا کرکے لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے۔
یہ کردار اتنا مقبول ہوا کہ اس کے بعد 15 فلموں میں انہوں نے اسی نام سے اداکاری کی۔
اس فلم کا گانا ’کبوتر جا‘ آج بھی ان کی پہچان ہے۔
اس فلم نے سلمان خان پر کامیابی کے دروازے کھول دیئے جس کے بعد انہوں نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’ساجن‘ جیسی سپرہٹ فلموں نے سلّو بھائی کو بالی وڈ میں منفرد مقام دلایا۔
انہوں نے اپنے 31 سالہ فلمی کریئر میں کئی سپرہٹ فلمیں دیں، انہیں نہ صرف منجھا ہوا اداکار بلکہ سٹائل آئیکون بھی سمجھا جانے لگا۔
فلم تیرے نام میں تو سلمان خان کا ہیئرسٹائل اتنا مقبول ہوا کہ ان کے مداحوں نے ان کا یہ سٹائل بھی کاپی کیا۔
بالی وڈ میں اینگری ینگ مین کے نام سے پہچانے جانے والے سلمان خان نے جہاں بہت سی سپرہٹ فلمیں دیں وہیں ان کی کچھ فلمیں فلاپ بھی ہوئیں مگر اس کے باوجود ان کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہیں ہوئی۔
سلّو بھائی کی نجی زندگی کافی متنازعہ رہی ہے، کبھی سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے کے ساتھ ان کی محبت کے چرچے رہے تو کبھی بالی وڈ کی بار بی ڈول کترینہ کیف کے ساتھ شادی کی خبریں گردش کرتی رہیں لیکن دبنگ خان اب بھی بیچولر ہی ہیں لیکن آج بھی اپنی پُرکشش شخصیت اور ورسٹائل انداز کی وجہ سے کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔