Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بچوں کے لیے دفتر سے تین گھنٹے چھٹی

بچوں کو خوش کرنے کے لئے اسکول کا پہلا دن نمایاں کرنا چاہتے ہیں، حکومت دبئی
دبئی حکومت نے سکول کے پہلے دن بچوں کو لانے لے جانے کے لیے اپنے ملازمین کو تین گھنٹے کی چھٹی دیدی۔ ملازمین چاہیں تو صبح ڈیوٹی کے مقررہ وقت سے تین گھنٹے بعد میں آئیں یا ڈیوٹی ختم ہونے سے تین گھنٹہ پہلے چلے جائیں یا پھر وہ اپنی سہولت کے مطابق اسے دن میں دو حصوں میں استعمال کریں۔
مقامی اخبار الامارات الیوم کے مطابق دبئی حکومت نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کی خوشی میں ملازمین کو یہ سہولت دی جا رہی ہے تاکہ بچوں کے سکول کا پہلا دن یادگار رہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو خوش کرنے کے لئے ان کے اسکول کا پہلا دن نمایاں کرنا چاہتے ہیں تاکہ سکول کے آغاز میں والدین ان کے ساتھ رہیں۔
دبئی حکومت نے تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ان ملازمین کو یہ سہولت دیں جن کے بچے سکولوں میں جاتے ہیں۔ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ملازمین کو تین گھنٹے کی چھٹی اس طرح دی جائے کہ ان کا کام متاثر نہ ہو۔

حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ملازمین کو 3 گھنٹے کی چھٹی اس طرح دی جائے کہ کام متاثر نہ ہو

حکومت نے اپنے اعلامیے میں ذیلی اداروں کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ ملازمین جن کے بچے نرسری میں ہیں، انہیں تعلیمی سال کے پہلے ہفتے تک دیر سے آنے یا جلدی جانے کی رعایت دی جائے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گرمی کی تعطیلات کے بعد نیا تعلیمی سال یکم ستمبر سے شروع ہوگا۔

شیئر: