ایسا لگتا ہے کہ وکٹوریہ دپیکا کے پسندیدہ ڈیزائنرزمیں سے ایک ہیں۔
بالی وڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پادوکون اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ آج کل لندن میں لمبی چھٹیاں گزار رہی ہیں اور اس دوران وہ اپنے کچھ پسندیدہ ڈیزائنرز کے لباس منتخب کر رہی ہیں۔
جمعرات کو برطانیہ کی مشہور فیشن ڈیزائنر وکٹوریہ بیکھم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دو تصاویر شیئر کیں جس میں وہ گلوکار ایلٹن جون کے ساتھ کشتی میں بیٹھی ہیں۔ انہوں نے دونوں تصاویر میں دو مختلف رنگوں کا گاؤن پہن رکھا تھا۔
دپیکا نے جب یہ تصاویر دیکھیں تو انہیں وکٹوریہ کا لباس بے حد پسند آیا۔ انہوں نے نہ صرف تعریف کی بلکہ دونوں رنگوں میں یہ گاؤن لینے کی خواہش کا بھی اظہار کرڈالا۔
ایک تصویر پر اپنے تبصرے میں انہوں نے لکھا ’مجھے یہ لباس چاہیے، دونوں ہی رنگوں میں جن میں آپ نے یہ پہنا ہے۔‘
اس کمنٹ کے ساتھ دپیکا نے پسندیدگی کے اظہار کے لیے ایموجیز بھی بنائے۔
اس کمنٹ سے ایسا لگتا ہے کہ وکٹوریہ دپیکا کے پسندیدہ ڈیزائنرزمیں سے ایک ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی ان کے ڈزائن کیے ہوئے لباس پہن چکی ہیں۔ 2013 میں فلم ’ریس 3‘ کی سکریننگ کے دوران انہوں نے وکٹوریہ کا سرخ رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا۔
دپیکا نے حال ہی میں فلم ’چھپاک‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے جس میں وہ تیزاب سے متاثرہ لڑکی کے کردار میں نظر آئیں گی۔
دپیکا پاڈوکون جون کے اوائل میں رنویر سنگھ کے ساتھ اپنی فلم 83 کے کچھ حصوں کی شوٹنگ کے لیے لندن گئی تھیں۔ فلم کی کہانی سابق بھارتی کپتان کپل دیو کی زندگی اور بھارت کے پہلی مرتبہ 1983 میں ورلڈکپ جیتنے پر مبنی ہے۔ دپیکا اس فلم میں کپل دیو کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔