بمرا ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے انڈین بولر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے ہیٹ ٹرک کرکے مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
انڈیا کی ٹیسٹ میچوں کی تاریخ میں بمرا ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے بولر ہیں۔
ان سے قبل فاسٹ بولر عرفان پٹھان اور سپنر ہربھجن سنگھ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ عرفان پٹھان نے انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کراچی میں پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے سبینا پارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔
25 سالہ فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے ہفتے کو ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں ڈیرن براوو، شمراہ بروکس اور روسٹن چیز کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا۔
بمرا کی یہ کامیابی غیر معمولی تھیں کیونکہ ہیٹرک کی خوشی منانے کے لیے انہیں تھرڈ امپائر کے فیصلے کا انتظار کرنا پڑا۔
ہوا کچھ یوں کہ سب سے پہلے کے ایل راہُل نے سیکنڈ سلپ میں ڈیرن براوو کا کیچ پکڑا، اس کے بعد اگلی ہی گیند پر امپائر نے بروکس کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا مگر بیٹسمین نے امپائر کے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کو کہا تاہم امپائر کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔
تیسری گیند پر بمرا نے روسٹن چیز کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی مگر امپائر نے چیز کو ناٹ آؤٹ دیا۔ کوہلی نے اس فیصلے کو چیلنج کر دیا۔
ٹیلی ویژن پر ری پلیز دیکھنے اور بال ٹریکینگ ٹیکنالوجی کے ذریعے معلوم ہوا کہ گیند لیگ سٹیمپ کو لگ رہی تھی لہذا امپائر کو اپنا ناٹ آؤٹ کا فیصلہ واپس لینا پڑا اور بمرا کو تاریخی کامیابی ملی۔
جسپرت بمرا کی ہیٹ ٹرک ٹیسٹ کی تاریخ میں 44 ویں نمبر پر ہے اور 2017 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سپنر معین علی کی ساؤتھ افریقہ کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کے بعد یہ پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم 87 کے مجموعی سکور پر سات وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔ اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 416 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔