وزیر توانائی انجینیئر خالد الفالح آرامکو کمپنی کی سربراہی سے سبکدوش ہوگئے ہیں، ان کی جگہ یاسر الرمیان کو مقرر کیا گیا ہے۔
ایک اعلیٰ سعودی عہدیدار نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ یاسر الرمیان کو آرامکو کمپنی کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اعلیٰ سعودی عہدیدار نے بلومبرگ کو بتایا کہ آرامکو کمپنی کے نئے سربراہ کی تقرری کا اصل مقصد وزارت توانائی کو آرامکو سے علیحدہ کرنا ہے تاکہ دونوں اداروں کے مفادات میں تصادم کا اندیشہ نہ ہو۔ علاوہ ازیں آئندہ سال آرامکو کمپنی کے حصص فروخت ہونے جارہے ہیں اس مقصد کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے نئے سربراہ کا تقرر کیا گیا ہے۔
ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے انجینیئر خالد الفالح نے نئے سربراہ کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ میں اپنے بھائی یاسر الرمیان کو سعودی آرامکو کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ کمپنی کے حصص کی فروخت سے پہلے ان کی تقرری اہم فیصلہ ہے۔ میں انکی کامیابی کے لیے دعا کرتا رہو ں گا‘‘۔
أهنئ أخي معالي الأستاذ ياسر بن عثمان الرميان، محافظ صندوق الاستثمارات العامة، بمناسبة تعيينه رئيسًا لمجلس إدارة أرامكو السعودية، والتي تأتي كخطوة مهمة لإعداد الشركة للطرح العام، راجيًا له كل التوفيق والنجاح.
— خالد الفالح|Khalid Al Falih (@Khalid_AlFalih) September 2, 2019
واضح رہے کہ آئندہ سال آرامکو کمپنی کے 20 کھرب ڈالر مالیت کے حصص کی فروخت متوقع ہے۔ یہ دنیا میں کسی کمپنی کے سب سے زیادہ مالی حصص ہوں گے۔ قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ آرامکو کے حصص بین الاقوامی سطح پر فروخت کے لیے پیش کئے جائیں گے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق آرامکو کے حصص دو مراحل میں فروخت کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ سال رواں کے آخر میں سعودی سٹاک مارکیٹ کے ذریعے اس کے کچھ حصص فروخت کے لیے پیش کئے جائیں گے۔ بعدازاں 2020ء، 2021ء میں آرامکو کے حصص بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت ہوں گے۔
آرامکو کے سربراہ کی تبدیلی سے پہلے سعودی عرب نے صنعت اور قدرتی وسائل کی وزارت کو توانائی کی وزارت سے الگ کردیا تھا۔ شاہی فرمان کے مطابق انجینیئر خالد الفالح وزیر توانائی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے جبکہ صنعت اور قدرتی وسائل کی وزارت کا قلمدان بندر الخریف کے سپرد کردیا گیا تھا۔
![](/sites/default/files/pictures/September/56/2019/aramco-co.jpg)