غیر ملکی سرمایہ کاروں نے150ارب ریال حصص مارکیٹ میں لگا ئے ہیں
سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر ملکی 8.33فیصد حصص مارکیٹ کے مالک بن گئے ۔انہوں نے ستمبر 2019ءکے دوران 15.3ارب ریال کے ریکارڈ حصص خریدے۔
المدینہ اخبار کے مطابق سعودی مالیاتی منڈی ’تداول ‘ نے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکیوں نے اگست 2019ءکے دوران 15.3ارب ریال کے حصص خریدے اور 1.3ارب ریال کے حصص فروخت کئے ۔اگست میں تمام سعودی اداروں نے حصص جاری کئے تھے ۔کمپنیوں نے مجموعی طور پر 4.8ارب ریال کے حصص فروخت کئے ۔
سعودی مالیاتی منڈی ’تداول ‘ نے حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی تفصیلات پر مشتمل ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ۔اس میں بتایا گیا کہ کس ملک کے سرمایہ کار نے کتنی قیمت کے حصص خریدے اور کتنی قیمت کے حصص فروخت کئے۔ماہِ اگست کے اختتام پر مالیاتی منڈی میں رجسٹرڈ حصص کی مجموعی قیمت 1902.41ارب ریال پائی گئی۔یہ جولائی کے مقابلے میں 7.5فیصد کم رہی ۔
تداول نے رپورٹ میں بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کار سعودی حصص مارکیٹ کے 8.33فیصد کے مالک بن گئے۔یہ اعداد و شمار 29اگست 2019ءکے ہیں۔ اس سے قبل حصص مارکیٹ میں غیر ملکیوں کا حصہ 4فیصد سے زیادہ نہیں تھا۔نئی تبدیلی مالیاتی منڈی میں اصلاحات کا نتیجہ سمجھی جا رہی ہے ۔
ان اصلاحات کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سال رواں کے شروع سے ابتک 150ارب ریال حصص مارکیٹ میں لگائے ہیں۔اس سال سعودی حصص مارکیٹ مورگن اسٹینلی ،فوٹسی راسل اور ایس اینڈ بی ڈاﺅجونزسے بھی منسلک ہو گئی ہے ۔