Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال‘

پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی عسکری تعلقات ہیں
سعودی عرب کے وزیر دفاع کے فوجی مشیر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی کی پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی ہے۔
جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کی برّی افواج کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے پاکستان آرمی کے تعاون کا اعادہ کیا جبکہ میجر جنرل طلال عبد اللہ العتیبی نے پاکستان آرمی کی علاقائی تعاون اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔
اس سے پہلے گذشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں ورزائے خارجہ نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی کروائی تھی۔
سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ کے دورے سے پہلے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات بھی ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے قریبی فوجی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ دفاعی مشقیں بھی ہوتی ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت میں شدت  پسندی کے خلاف قائم اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ بھی پاکستان کی بّری فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کر رہے ہیں۔

شیئر: