پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یہ شاہی جوڑے کا پہلا پاکستانی دورہ ہوگا تاہم دونوں میاں بیوی 2016 میں انڈیا کا دورہ کر چکے ہیں۔
شاہی محل کینسنگٹن پیلیس نے اپنی ایک تازہ ٹویٹ میں کہا ہے کہ شاہی دورہ پاکستان سے قبل 2 اکتوبر کو آغا خان سنٹر کی ایک تقریب میں شریک ہوگا۔
اس سے قبل شاہی محل کینسنگٹن پیلیس نے رواں سال جون میں اعلان کیا تھا کہ برطانوی وزرات خارجہ کی درخواست پر شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا 13 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق 2006 کے بعد سے برطانوی شاہی خاندان کا کوئی بھی فرد پاکستان نہیں آیا۔
2006 میں شہزادہ چارلس نے اپنی اہلیہ کمیلہ پارکر کے ہمراہ پاکستان کا سفر کیا تھا۔
اس سے قبل 1997 اور 1961 میں ملکہ برطانیہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 1991 میں شہزادی ڈیانا پاکستان آئی تھیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں