Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ریاستی اداروں پر نئی پابندیاں

صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا حکم نامہ جاری کیا، فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ انہوں نے14ستمبر کو آرامکو تیل تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہونے پر ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس میں آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکٹ میریسن سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ابھی ابھی ہم نے ایران کے نیشنل بینک پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی، سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری قبول کئے ہوئے ہیں۔ تنصیبات پر حملوں سے سعودی آرامکو کی تیل پیداوار 50فیصد تک عارضی طور پر متاثر ہوگئی تھی۔ سعودی عرب نے بدھ کو تیل تنصیبات پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد عالمی رائے عامہ کے سامنے رکھ دیئے۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کو آرامکو پر حملے کی قیمت چکانا پڑے گی، فوٹو: عاجل

امریکہ مئی2018ءسے ایران پر پابندیاں عائد کئے ہوئے ہے۔ پابندیوں کا سلسلہ 2015ءمیں ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کے بعد شروع کیا گیا۔
امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن مینوشن نے کہا کہ نئی پابندیوں سے یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ امریکہ انتہائی دباﺅ کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم نے ایران کی فنڈنگ کے تمام راستے بند کردیئے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران کو آرامکو تیل تنصیبات پر حملے کی قیمت چکانی پڑے گی۔صدر ٹرمپ نے نئی پابندیاں دہشت گردی کی سرپرستی اور علاقائی جارحیت کرنے والے ایران کے ریاستی اداروں پر لگائی ہیں۔
پومپیو نے زور دیکر کہا کہ ریاستوں پر حملوں کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔انہوں نے یہ بات سعودی تیل تنصیبات پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے تناظر میں کہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بیان جاری کرکے کہا کہ امریکہ نے ایران کے سینٹرل بینک اور اسکے ماتحت قومی ترقیاتی فنڈ نیزپارس ٹریڈنگ ایکریڈیشن کمپنی پر لگائی ہیں۔ اس کمپنی کا ہیڈکوارٹر ایران میں ہے۔پومپیو کا کہناہے کہ اس بات کے ثبوت مل گئے ہیں کہ یہ کمپنی فوجی سودوں کے لیے ترسیل زر کی خفیہ کارروائی کررہی تھی۔
پومپیو نے کہا کہ ایران کے ریاستی ادارے دہشت گردی اور علاقائی حملوںکی سرپرستی پاسداران انقلاب کی فنڈنگ سے کررہے ہیں۔ یہ دہشت گرد تنظیم ہے۔ ریاستی ادارے فیلق القدس، حزب اللہ اور ایران کے لیے نیابتی جنگ لڑنے والی فورسز کی مدد کررہے ہیں۔
پومپیو نے ایران پر الزام لگایا کہ اس نے سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات پر حملہ کرکے بین الاقوامی معیشت کو معطل کرنے کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے آرامکو تنصیبات پر حملے کو ’منصوبہ بندی کے لحاظ سے جنگی عمل اور عمل درآمد کے حوالے سے گھناﺅنی حرکت‘ قرار دیا۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ پوری دنیا میں دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والا ملک ایران ہی ہے۔اسی لئے صدر ٹرمپ نے ایران پر نئی تاریخی پابندیاں عائد کی ہیں۔
 

شیئر: