Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئل تنصیبات پر حملے،سلامتی کونسل کو خط

ابقیق اور خریص میں آرامکو کی تیل تنصیبات پر حملے 14 ستمبر کو کیے گئے تھے: فوٹو اے ایف پی
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ بن یحییٰ المعلمی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آرامکو تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے حوالے سے خط لکھ دیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آرامکو کی تنصیبات کو ایرانی ساختہ اسلحہ سے نشانہ بنایا گیا۔
عربی نیوز ویب سائٹ ’عاجل‘ نے سعودی عرب کے مستقل مندوب کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’اپنی حکومت کی ہدایات  کے مطابق حملوں کے بارے میں حقائق سے آپ کو آگاہ کرنا ضروری ہے جو ابقیق اور خریص میں آرامکو کی تیل تنصیبات پر 14 ستمبر کو کیے گئے تھے۔'
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 'دراصل ان حملوں کا مقصد محض سعودی عرب کو نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ ان کا اصل ہدف عالمی معاشی امن کو تباہ کرنا اور توانائی کی ترسیل کے عمل کو متاثر کرنا تھا۔ ' 

 

سعودی عرب اپنے معاشی، معاشرتی اور قومی مفادات کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، مملکت کے نزدیک ان سب سے زیادہ اہم عنصر ہمارے عوام ہیں جن کی جان و مال کی حفاظت سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے، تاہم اس امر کو پیش نظر رکھیں کہ ہم ایک طرح سے  منظم  حملے کا سامنا کر رہے ہیں ـ' 
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ارسال کیے جانے والے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 'اب تک حاصل ہونے والے تمام دلائل اور اشاروں سے یہ بات واضح  ہو چکی ہے کہ یہ حملے یمن سے نہیں ہوئے جس کا  حوثی باغی دعویٰ کر رہے ہیں ، کیونکہ  جو اسلحہ ان حملوں میں استعمال ہوا ہے وہ ایرانی ساختہ ہے اس بات کی بھی وضاحت ہو چکی ہے۔

  سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملوں میں ایرانی ساختہ اسلحہ استعمال ہوا۔ فائل فوٹو: اخبار 24 

 انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنے خط میں وضاحت کی کہ 'سعودی عرب بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کرے گا '۔
المعلمی نے اقوام متحدہ اورعالمی ماہرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اس خط کے ساتھ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری وہ  بیان بھی منسلک کیا جا رہا ہے جو اقوام متحدہ اور عالمی ماہرین کو ارسال کیا گیا ہے جس میں انہیں اس امر کی دعوت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ مقام کا خود جائزہ لیں اورجاری تحقیقات میں شریک ہوں۔ '
 اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب نے اپنے خط کے آخر میں کہا کہ وہ سعودی عرب کے اس موقف کو جلد ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تک بھی پہنچائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: