Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوناکشی سنہا کو کیوں ٹرول کیا جارہا ہے؟

سوناکشی نے کون بنے گا کروڑ پتی میں ایک سادہ سوال کے لیے لائف لائن استعمال کی۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کو گذشتہ روز سے اس لیے ٹرول کیا جا رہا ہے کہ انھیں یہ بھی معلوم نہیں کہ ہندو دیوتا ہنومان 'سنجیونی بوٹی' کس کے لیے لائے تھے۔
بالی وڈ اداکاروں کا ان کی کم معلومات کی وجہ سے پہلے بھی مذاق اڑایا جا چکا ہے۔ لیکن اس بار امیتابھ بچن کے معروف پروگرام 'کون بنے گا کروڑ پتی' میں سوناکشی سنہا کو ہندوؤں کی کتاب 'رامائن' کے متعلق ایک واقعے کا علم نہ ہونے کے سبب ٹرول کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف سوناکشی سنہا نے سنیچر کو اپنے ٹرولرز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھیں بہت کچھ پتا نہیں ہے۔ اگر ان لوگوں کے پاس اتنا وقت ہے تو سب پر میمز بنائیں کیونکہ انھیں میمز بہت پسند ہیں۔

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا سوال تھا کہ رامائن کے مطابق، ہنومان سنجیونی بوٹی کس کے لیے لائے تھے؟ اس کے جوابات میں سگریو، لکشمن، سیتا اور رام بطور آپشنز موجود تھے۔
سوناکشی کو اس کا جواب معلوم نہیں تھا لہذا انھوں نے لائف لائن کا استعمال کیا اور پھر صحیح جواب بتایا کہ وہ بوٹی ’لکشمن‘ کے لیے لائے تھے۔
اس 11ویں سیزن کے 25 ویں راؤنڈ کے اختتام پر لوگوں نے ٹو‏ئٹر پر سوناکشی سنہا کا مذاق اڑانا شروع کر دیا جبکہ کچھ لوگ ان کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔ اس کے بعد ہیش ٹیگ ’سوناکشی سنہا‘ انڈیا کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہو گیا۔
نِکونج نامی صارف نے لکھا کہ 'سوناکشی سنہا کے والد شتروگھن سنہا کے تین بھائی رام، بھرت اور لکشمن ہیں۔ سوناکشی کے بھائیوں کا نام لَو اور کُش ہے۔ ان کا گھریلو نام رامائن ہے اور اس کے باوجود اس سوال کے جواب کے لیے انھیں لائف لائن کا استعمال کرنا پڑا۔'

ایک صارف نے لکھا کہ وہ مسلمان ہو کر اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں لیکن سوناکشی نے اس کے جواب کے لیے لائف لائن استعمال کی۔
سوناکشی سنہا پر جو میمز بنائے جا رہے ہیں ان میں عالیہ بھٹ ان کا باہیں پھیلائے استقبال کر رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں 'جادو کی جھپی لے لے بہن۔'
خیال رہے کہ عالیہ کو بھی ان کی ذہانت کے حوالے سے اس وقت ٹرول کیا گیا تھا جب انڈیا کے صدر کا نام بتانے میں ان سے غلطی ہو گئی تھی۔
بہر حال سوناکشی سنہا نے تمام ٹرولرز کو خود ہی جواب دیا ہے۔
انھوں نے لکھا کہ 'ڈیئر جاگے ہوئے ٹرولز، مجھے فیثا غورث کا تھیورم بھی یاد نہیں، مرچینٹ آف وینس (شیکسپیئر کا ڈرامہ)، پیرئڈک ٹیبل (پہاڑہ)، مغل بادشاہوں کا سلسلہ، اور کیا کیا یاد نہیں، وہ بھی یاد نہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی کام نہیں تو پلیز اس سب پر بھی میمز بناؤ۔ آئی لو میمز۔'

سوناکشی اور عالیہ بھٹ کے میمز شیئر کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اس کے جواب میں متھلا نامی ایک صارف نے لکھا: 'ڈیئر سوئی ہوئی 'انڈین' آپ کے والد کا نام فیثا غورث نہیں ہے، ان کے بھائیوں کا نام مرچنٹ آف وینس نہیں ہے اور آپ کے گھر کا نام مغل سلطنت نہیں ہے، اس لیے کم از کم ان اساطیری کرداروں کے بارے میں ضرور جانیں جن پر آپ کی ساری فیملی کا نام رکھا ہوا ہے۔'
بالی وڈ کی اداکاراؤں کے علم و ذہن کا تو مذاق اڑایا ہی جاتا رہا ہے لیکن کون بنے گا کروڑ پتی میں ریاضی کی ایک ٹیچر کا معمولی سوال کے جواب کے لیے لائف لائن کے استعمال پر حال ہی مذاق اڑایا گيا تھا جب ان سے پوچھا گیا کہ 10 ہزار پیسے میں کتنے روپے ہوں گے تو وہ لاجواب ہو گئی تھیں۔

شیئر: